پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے کہا ہے کہ آج سے جنوبی کوریا کے ساتھ تمام رابطہ شاہراہیں اور ریلوے لائنیں کاٹ دی جائیں گی۔شمالی کوریا کی خبر ایجنسی KCNA کے مطابق شمالی کوریا عوامی فوج نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ 9 اکتوبر سے تمام سرحدی شاہراہیں اور ریلوے لائنیں کاٹ دی جائیں گی اور سرحدی علاقوں کو دفاعی تنصیبات کے ساتھ مستحکم کیا جائے گا۔بیان میں جنوبی کوریا کو اوّل نمبر کی دشمن حکومت اور پکّا دشمن قرار دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ہماری فوج کا سرحدوں کو مستقل شکل میں کاٹنا اور بند کرنا، موجودہ صورتحال میں جنگ کے سدّباب اور ملکی سلامتی کی یقین دہانی کے لئے، ایک خودحفاظتی تدبیر کی حیثیت رکھتا ہے۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں امریکی عسکری موجودگی 1950-53 کی جنگِ کوریا سے شروع ہوئی اور تاحال جاری ہے۔ ملک میں ابھی تک 28 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔ یہ موجودگی شمالی اور جنوبی کوریا میں علیحدگی اور سرد جنگ کے ناقابلِ حل اختلافات کی وجوہات میں سے ایک ہے۔