شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی میں کمی اچھی علامت: ٹرمپ

,

   

فوجی مشقوں کے علاوہ ’’ایسی ناکام ‘‘ملاقاتوں کیلئے بھی کروڑوں ڈالر س خرچ ہوتے ہیں

واشنگٹن، 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہنوئی کانفرنس کے دوران شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات میں امریکہ۔جنوبی کوریا کی مشترکہ مشق کے سلسلے میں بات چیت کئے جانے کو خارج کردیا۔مسٹر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کم جونگ کے ساتھ امریکہ۔ جنوبی کوریا کی مشترکہ مشق کے معاملے پر کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی مشق ختم کرنے سے قبل ہی یہ فیصلہ کیا گیا تھا کیونکہ اس میں ہونے والے خرچ کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔اس سے قبل مسٹر ٹرمپ نے اتوار کو اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ فوجی مشق میں کروڑوں امریکی ڈالر خرچ ہوتے ہیں اور امریکہ اسے برداشت نہیں کرسکتا۔ اس کے علاوہ اب شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی میں کمی آرہی ہے جو ایک اچھی علامت ہے ۔یاد رہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا اس وقت عالمی توجہ کا مرکز ہیں ، جہاں صدر ٹرمپ اور کم جونگ اُن گذشتہ سال سنگاپور میںملاقات کے بعد دوسری بار ملے تھے لیکن عالمی سطح پراس ملاقات سے جو توقعات وابستہ کی گئی تھیں ، ایسا کچھ بھی نہیں ہوا بلکہ یہ ملاقات ’’ ٹائیں ٹائیں فش ‘‘ ہوکر رہ گئی جہاںنیوکلیئر معاہدہ پر دستخط بھی نہیں ہوئے اور دونوں قائدین نے اپنی بات چیت کا دورانیہ بھی کم کردیاتھا ۔ اب دونوں ممالک کے قائدین تیسری ملاقات کا منصوبہ بنارہے ہیں جس کے بارے میں سیاسی ماہرین نے ابھی سے کہنا شروع کردیا ہے کہ ٹرمپ اور کم ایک دوسرے سے ملاقات کے بہانے محض سیر و تفریح کررہے ہیں ۔ ٹرمپ اب کیوں نہیں کہتے کہ فوجی مشقوں کے علاوہ ایسی ملاقاتوں میں بھی کروڑوں ڈالرس خرچ ہوتے ہیں ۔