سیول، 23 نومبر (آئی اے این ایس)جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ وہ سمندری سرحد کے قریب شمالی کوریا کی فوجی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ بیان ایک میڈیا رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا کی ایک کشتی زرد سمندر میں شمالی حد بندی لائن (این ایل ایل) کے قریب دیکھی گئی ہے، جس پر ’’ساحلی محافظ‘‘ کے الفاظ درج تھے۔ایک مقامی اخبار نے پیر کے روز رپورٹ دی کہ گزشتہ ہفتے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان غیر رسمی سمندری سرحد کے قریب یہ کشتی دیکھی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق، شمالی کوریا کے کسی بحری جہاز پر پہلی مرتبہ ’’ساحلی محافظ‘‘ کی عبارت نظر آئی ہے۔خبر میں بتایا گیا کہ کشتی پر بظاہر 76 ملی میٹر کی بحری توپ نصب تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ قریبی سمندری علاقے میں موجود چینی ماہی گیری کی کشتیوں کی نگرانی کر رہی تھی۔ جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق، جنوبی کوریا کی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ترجمان کیپٹن جانگ دو یونگ نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ فوج شمالی کوریا کی افواج کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی سمندری علاقوں میں شمالی کوریا کے بحری جہازوں کی نقل و حرکت کی فوجی نگرانی کے نظام کے ذریعے حقیقی وقت میں نگرانی کی جا رہی ہے۔۔واضح رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اْن نے مارچ میں ملک میں پولیس نظام متعارف کرانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔