این آر سی سرفہرست موضوع ، کانگریسی چیف منسٹرس سے صدر کانگریس کا تبادلۂ خیال
نئی دہلی ۔13 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام )صدر کانگریس سونیا گاندھی نے جمعہ کے دن شمال مشرقی ہند کے اعلیٰ سطحی کانگریس قائدین سے ملاقات کی اور اُن سے قومی رجسٹر برائے شہریت (این آر سی ) کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس میں سابق کانگریس چیف منسٹرس بھی موجود تھے ۔ شمال مشرقی ہند کی ریاستوں کو درپیش تمام مسائل پر بھی بحث کی گئی ۔ فیصلہ کیا گیا کہ شمال مشرقی ریاستوں کے باہمی تعاون کے عہد کو مزید مستحکم کیا جائے ۔ ایک مستقل دفتر گوہاٹی میں قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور سینئر کانگریس قائد احمد پٹیل نے کہاکہ ایک طویل اجلاس ہوا جس میں شمال مشرقی ہند کی ریاستوں کو درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ قائدین نے اپنے مقالے پیش کئے اور فیصلہ کیا گیا کہ شمال مشرقی تعاون کمیٹیوں کو مزید مستحکم بنایا جائے اور گوہاٹی میں ایک مستقل دفتر قائم کیا جائے ۔ فلیرو نے کہا کہ این آر سی برائے آسام پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ یہ اجلاس میں سرفہرست موضوع تھا ۔ کانگریس قائد نے کہاکہ شہریت ترمیمی قانون سے متعلق مسائل پر خاص طورپر توجہہ مرکوز کی گئی اور راجیہ سبھا میں اس ترمیم کی مخالفت کی گئی تھی جس کو بی جے پی انتخابی منشور کا حصہ بنایا گیا تھا ۔ سونیا گاندھی نے کانگریس زیراقتدار چیف منسٹرس سے بھی ملاقات کی ۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر س پنجاب امریندر سنگھ ، راجستھان اشوک گہلوٹ ، مدھیہ پردیش کمل ناتھ ، چھتیس گڑھ بھوپیش بھاگیل اور پڈوچیری کے وی نارائن سوامی سونیا گاندھی سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔ علاوہ ازیں پرکاش کانگریس کمیٹی کے سربراہوں نے بھی صدر کانگریس سے ملاقات کی ۔ ان میں ڈپٹی چیف منسٹر راجستھان سچن پائلٹ بھی شامل تھے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹریز ، صدور پردیش اور نامور قائدین نے بھی کل ملاقات کی تھی۔