شمس آبادایرپورٹ پرمسافرین کے قبضہ سے سونا اور بیرونی سگریٹس ضبط

   

حیدرآباد:شہر حیدرآباد کے شمس آبادایرپورٹ پر دو مسافرین کے پاس سے سونا اور بیرونی ممالک کے سگریٹس ضبط کئے گئے ۔راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے کسٹم حکام کے پریس ریلیز کے مطابق پہلے معاملہ میں کسٹم کے عہدیداروں نے ایک خاتون کے پاس سے 74لاکھ روپئے مالیت کا 1.593کیلوسونا ضبط کیاجو جسم میں چھپا کر لایاگیا تھا۔یہ خاتون دبئی سے فلائٹ نمبرFZ 8779 ETA کے ذریعہ 2مارچ کو 15.30بجے شمس آباد ایرپورٹ پہنچی تھی۔کسٹم کے عہدیداروں نے اس سونے کو ضبط کرلیا اور اس خاتون کے خلاف ایک معاملہ درج کرلیا۔دوسرے معاملہ میں کسٹم کے عہدیداروں نے ایک شخص کے پاس سے 40ہزار روپئے مالیت کے 50پیکٹس بیرونی ممالک کے سگریٹس ضبط کئے ۔سی آئی ڈبلیوکے عہدیداروں نے ایک41سالہ مسافر کو مشتبہ حالت میں گھومتا ہوا دیکھا۔یہ مسافرابوظہبی سے فلائٹ نمبرEY 274, STA 0051 کے ذریعہ کل شب 3.15بجے شمس آباد ایرپورٹ پہنچا تھا۔کافی ڈے شاپ کے قریب یہ مسافر مشتبہ انداز میں گھوم رہا تھا۔پوچھ گچھ پر اس کے پاس مختلف بین الاقوامی برینڈ کی سگریٹس کا پتہ چلا جو اس کے لگیج میں تھیں۔فوری طورپر کسٹم کے عہدیداروں کو اس بات کی اطلاع دی گئی۔اس مسافر کو کسٹم کے عہدیداروں کے حوالے کردیاگیا۔