شمس آباد ایرپورٹ سے طیارہ کی روانگی میں چار گھنٹے کی تاخیر

   

حیدرآباد ،21جولائی(سیاست ڈاٹ کام)شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے وشاکھاپٹنم روانہ ہونے والے طیارہ کی روانگی میں چار گھنٹے کی تاخیر ہوگئی جس پر مسافرین نے تشویش کااظہارکیا۔یہ طیارہ صبح 7بجکر45منٹ پر حیدرآباد سے روانہ ہونے والا تھا تاہم طیارہ کی روانگی میں تاخیر ہوگئی۔مسافرین میں بعض طلبہ بھی سوار تھے جو وشاکھاپٹنم میں ہونے والے آر بی آئی کے امتحان میں شرکت کرنے والے تھے تاہم طیارہ کی روانگی میں تاخیر پر ان طلبہ نے ایرپورٹ اسٹاف سے بحث و تکرار کی۔

ان طلبہ نے الزام لگایا کہ اسپائس جیٹ کے انتظامیہ نے ان کی کوئی پرواہ نہیں کی۔انتظامیہ نے بتایا کہ ممبئی سے روانہ طیارہ میں تکنیکی خرابی کے سبب اس کی شمس آبادایرپورٹ پر آمد میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجہ میں حیدرآباد سے وشاکھاپٹنم جانے والے طیارہ کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔اس تاخیر کے سبب شمس آبادایرپورٹ کی بورڈنگ گیٹ کے قریب ایرلائنس اسٹاف سے مسافرین نے بحث و تکرار کی۔