شمس آباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے شمس آباد میونسپل اور اس کے اطراف کے 7 پنچایتوں کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں ضم کردیا تھا۔ جس کے بعد شمس آباد کو چارمینار زون میں شامل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس کے ساتھ ہی شمس آباد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے شمس آباد کو علیحدہ زون بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا اور متعلقہ عہدیداروں سے نمائندگی کی۔ تلنگانہ حکومت نے نئے احکامات جاری کرتے ہوئے شمس آباد کو علیحدہ زون بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شمس آباد زون میں آدی بٹلہ، بدنگ پیٹ، جل پلی اور شمس آباد سرکل کو اس میں شامل کردیا۔ حکومت کے اعلان کے بعد جمعہ کو شمس آباد میں جشن مناتے ہوئے زبردست آتش بازی کی اور عوام میں مٹھائی تقسیم کی۔ شمس آباد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رکن کے سرینواس نے کہاکہ ہم نے شمس آباد کو چارمینار زون میں شامل کرنے کے خلاف احتجاج کیا اور متعلقہ عہدیداروں سے نمائندگی کی۔ ہماری کوشش کامیاب ہوئی اور حکومت نے شمس آباد کو علیحدہ زون بنانے کے احکامات جاری کردیئے، جس کے لئے ہم حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ موہن راؤ بی آر ایس منڈل صدر نے کہاکہ شمس آباد میں دو وارڈس فراہم کئے گئے۔ وارڈس کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے پانچ کئے جانے چاہئے اور ہمیں اُمید ہے کہ حکومت اس مطالبہ کو پورا کرے گی۔ اس موقع پر بچی ریڈی، ملیش مدیراج، ایم سرینواس، وینکٹ ریڈی، آنند ساگر و دیگر افراد موجود تھے۔ (ش)
