شمس آباد میں 42 ایکر قیمتی اوقافی اراضی کی حصاربندی کے اقدامات

,

   

صدرنشین محمد سلیم کا دورہ، ناجائز قبضوں پر برہمی کا اظہار، مقدمات درج کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) شمس آباد کے علاقے حمید اللہ نگر میں درگاہ حضرت امان اللہ شاہؒ کے تحت 42.39 ایکر قیمتی اراضی کے تحفظ کے لیے وقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم نے فوری بائونڈری وال کی تعمیر کی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس ریونیو اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ آج علاقے کا دورہ کیا اور ناجائز قبضوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ 42.39 ایکر اراضی کے تحت قطب شاہی مسجد، درگاہ اور قبرستان شامل ہیں۔ وقف بورڈ کی جانب سے کھلی اراضی کی حصاربندی کا کام جاری تھا لیکن گزشتہ دنوں ریونیو حکام نے مداخلت کرتے ہوئے تعمیری کام روک دیا۔ محمد سلیم نے ریونیو عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اوقافی اراضی کے معاملے میں مداخلت سے گریز کریں اور بائونڈری وال کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا نہ کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جلد سے جلد بائونڈری وال کا کام مکمل کرلیا جائے تاکہ شمس آباد کے علاقے میں اس قیمتی اراضی کا تحفظ ہو۔ اراضی کے بعض حصوں میں ناجائز قابضین موجود ہیں۔ صدرنشین نے قابضین کے خلاف وقف ایکٹ کے تحت کریمنل مقدمات درج کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ قابضین کو کسی بھی صورت میں تخلیہ کرنا ہوگا۔ اگر وہ غیر قانونی طریقے سے رجسٹریشن کراچکے ہیں تو رجسٹریشن منسوخ کیا جائے گا۔ حکومت نے وقف بورڈ کو رجسٹریشن کی منسوخی کا اختیار دیا ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ بہت جلد ضلع کلکٹر، کمشنر پولیس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس قیمتی اراضی کے تحفظ پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں جہاں کہیں اوقافی اراضیات پر ناجائز قبضوں کی شکایات مل رہی ہیں، فوری عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمس آباد کی اس اراضی کے تحفظ کے ذریعہ اسے ڈیولپ کیا جائے گا تاکہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل وقف کونسل کے ارکان نے کل وقف بورڈ کے دورے کے موقع پر جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں بورڈ کے اقدامات کی ستائش کی اور جائیدادوں کی ترقی کے سلسلہ میں سنٹرل وقف کونسل سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے وقف بورڈ کو مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کی سرپرستی میں وقف بورڈ بہت جلد شہر کی بعض قیمتی جائیدادوں کی ترقی کے منصوبے کو قطعیت دے گا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد قاسم کے علاوہ شمس آباد علاقے کے ریونیو اور پولیس عہدیدار دورے میں شریک تھے۔