34 کے منجملہ 24 وارڈوں میں لہرایا جیت کا پرچم
شملہ:شملہ میونسپل کارپوریشن انتخاب میں کانگریس نے بی جے پی کو زبردست شکست دی ہے۔ 34 میں سے 24 وارڈوں میں کانگریس نے جیت کا پرچم لہرایا ہے، جب کہ بی جے پی کو محض 9 وارڈوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایک وارڈ سی پی ایم کے حصے میں گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی امیدوار اور سابق میئر ستیا کونڈل بھی انتخاب ہار گئی ہیں۔واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن شملہ کے 34 وارڈوں کے لیے 2 مئی کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور 102 امیدواروں نے اپنی قسمت آزمائی تھی۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے میونسپل کارپوریشن شملہ کے انتخاب میں زبردست جیت حاصل کرنے پر امیدواروں، کانگریس کارکنان و عہدیداران کے ساتھ ساتھ شملہ کے عوام کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔شملہ میونسپل کارپوریشن الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی آج جب گنتی شروع ہوئی تو شروع سے ہی کانگریس امیدوار بیشتر وارڈوں میں اپنے حریفوں پر سبقت بنائے ہوئے تھے۔ جب مکمل نتیجہ سامنے آیا تو بی جے پی دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائی اور کانگریس نے 24 وارڈوں میں جیت حاصل کر لی۔