شناختی کارڈ سے محروم ووٹرس کیلئے متبادل انتظام

   

بلدیہ اور انتخابی عملہ کوشاں۔ دو دن میں واضح احکام ممکن
حیدرآباد۔ پرانے شہر کے جن علاقوں میں سیلاب کے سبب شہریوں کے دستاویزات بہہ گئے ہیں ان میں رائے دہی کو یقینی بنانے الیکشن کمیشن کے علاوہ بلدیہ کی جانب سے متبادل انتظامات کا امکان ہے کیونکہ شہر کی گنجان آبادیوں کی حالت دگرگوں ہوچکی ہے اور مکینوں کے پاس دستاویزات شناختی کارڈ وغیرہ نہ ہونے سے انہیں رائے دہی کیلئے دشواری ہوسکتی ہے ۔ جی ایچ ایم سی حکام نے بتایا کہ تمام علاقوں میں جو ووٹر سلپ مہیا کروائی جا رہی ہے ان میں شناختی کارڈ نمبر موجود ہیں جن کے ذریعہ شناخت ممکن ہے ۔علاوہ ازیں حکام کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے کہ فوٹو کے ساتھ ووٹر سلپ جو سابق میں جاری کئے گئے تھے اسی طرح کے ووٹرسلپ جاری کئے جائیں تاکہ ووٹرس کو مزید کسی کارڈ کی ضرورت محسوس نہ ہو۔گذشتہ ماہ کی بارش میں جن علاقو ںمیں پانی جمع ہوا تھا ان میں کئی مکینوں کے دستاویزات سیلاب کی نذر ہوچکے ہیں اور ان کے پاس کوئی کارڈ موجود نہیں ہیں ۔ حافظ بابانگر‘ الجبیل کالونی ‘سبحان کالونی‘دتاتریہ نگر‘ ٹولی چوکی ‘ ندیم کالونی کے علاوہ اپل کے بعض علاقوں میں عوام نے دستاویزات بہہ جانے کا دعوی کیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے عوام کو درپیش پر توجہ مبذول کروائی گئی ہے اور اس سے نمٹنے انتخابی عملہ کوشاں ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم میں سیلاب متاثرین کیلئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل آئے گی ۔