شنزو آبے کو پدم وبھوشن،102 شخصیات کو پدم شری

   

نئی دہلی: یوم جمہوریہ کی ماقبل شام سال 2021 ء کیلئے پدم ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پدم ایوارڈز میں پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈز شامل ہوتے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے بڑا نام جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کا ہے جنہیں پدم وبھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ آبے سمیت یہ انعامات کل 7 شخصیات کو دئیے گئے ہیں جن میں ایس پی بالا سبرمنیم(بعد از مرگ ) ، ڈاکٹر نریندر سنگھ کپینی اور سدرشن ساہو جیسے نام شامل ہیں ۔ ہندوستان۔جاپان تعلقات کو اپنی نئی اونچائیوں پر پہنچانے والے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے سمیت سات اہم شخصیات کو ملک کا دوسرا سب سے بڑا سیول ایوارڈ پدم ویبھوشن عطا کیا گیا ہے ۔ آسام کے سابق وزیراعلی ترون گوگوئی، سابق لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، ممتاز شیعہ عالم دین مولانا کلب صادق (بعد از وفات) اور سینئر بیوروکریٹ نرپیندر مشرا سمیت دس اہم شخصیتوں کو پدم بھوشن ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق 102 دیگر مشہور شخصیات کو پدم شری کے اعزاز سے نوازا گیا ہے ۔یہ ایوارڈ آرٹ، سماجی کام، عوامی امور، سائنس، طب، کاروبار، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی کارنامے کے لئے ہر سال دیئے جاتے ہیں۔گوا کی سابق گورنر مردولا سنہا، برطانوی فلم ڈائریکٹر پیٹر بروک اور پروفیسر چمن لال سپرو (بعد از وفات) پدم شری ایوارڈ سے نوازے جائیں گے۔علاوہ ازیں، یوم جمہوریہ کے موقع پر سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے 30 افسران اور ملازمین کو بہتر کارکردگی اور قابل ستائش خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔ سی بی آئی کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق یوم جمہوریہ 2021 کے موقع پر صدر نے بہترین کارکردگی کے لئے پریسیڈنٹ پولیس میڈل اور سی بی آئی کے 30 افسران اور ملازمین کو اعلی کارکردگی کے لئے پولیس میڈل سے نوازا۔ ان میں سے چھ افسران؍ ملازمین کو بہترین خدمات کے لئے پریسیڈنٹ پولیس میڈل اور 24 دیگر افسران ؍ ملازمین کو اعلی کارکردگی کے لئے پولیس میڈل سے نوازا گیا ہے۔