بیجنگ: چین میں کاروباری سرگرمیوں کے سب سے بڑے مرکز شنگھائی شہر میں کووڈ۔19 کے کم ہوتے کیسز کے پیش نظر بدھ سے کاروباری سرگرمیوں پر لاک ڈاؤن کے تحت لگائی گئی پابندیاں ہٹا دی جائیں گی۔چینی حکام کا کہنا تھا کہ دو ماہ تک جاری رہنے والی ان سخت پابندیوں کی وجہ سے یہاں کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے منصوبے بھی تیار کیے گئے ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے یہ اعلان گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہاں کورونا وائرس کے معاملوں کی تعداد 170 سے کم ہو کر 122 تک آنے کے بعد کیا گیا ہے، گائیڈ لائنز پر بھی نظر ثانی کی جا رہی ہے۔بی بی سی نے شہر کے ڈپٹی میئر وو کنگ کے حوالے سے بتایا کہ فیکٹریوں میں کام اور پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے لیے غیر ضروری پابندیاں ہٹا دی جائیں گی۔ یہاں بیجنگ میں بھی کورونا وائرس کے کم ہوتے معاملوںکے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز اور دیگر سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔