شوپیاںمیں انکاونٹر، 2 عسکریت پسند ہلاک

   

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے فری پورہ میں منگل کی صبح سے جاری تصادم میں دو نامعلوم عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اس تصادم کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ فری پورہ شوپیاں میں ہوئے تصادم میں دو نامعلوم جنگجو ہلاک ہوگئے۔قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے شوپیاں کے فری پورہ گاؤں کو محاصرے میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک پارٹی ایک مشتبہ جگہ کے پاس پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ ضلع شوپیاں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی دوسری تصادم آرائی ہے۔