شوہر کا قتل کرنے والی بیوی کے بشمول پانچ افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) بہنوئی کے ساتھ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے شوہر کا قتل کروانے والی خاتون بشمول 5 افراد کو رائے درگم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 28 سالہ دھناوت راگیا نائیک کے قتل میں ملوث اس کی بیوی 29 سالہ دھناوت روجا روجا کے آشنا سباوت لکپتی عرف لکی جواوجا کا بنہوئی ہے، کے علاوہ 30 سالہ سی وینکٹاشیوا ناگا، ملیشور راؤ، 32 سالہ پتلاوت مان سنگھ اور 23 سالہ وینوکاوت بالاجی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ 19 اگست کو راگیا نائیک کا قتل کردیا گیا تھا اور نعش کو ناگرجناساگر کے قریب پھینک دیا گیا تھا۔ راگیا نائیک مریال گوڑہ علاقہ کا متوطن تھا جو روزگار کی تلاش میں بیوی کے ساتھ منی کنڈہ رائے درگم علاقہ منتقل ہوگیا تھا جبکہ لکپتی نیک نام پور علاقہ میں رہتا تھا۔ لکپتی سروجا کا شوہر جوروجا کو بہن ہوتی ہے جو حیدرآباد منتقل ہوگئے تھے۔ سال 2015ء میں روجا بیمار ہوگئی اور اس کی صحت کی دیکھ بھال میں راگیا لاپرواہی کرتا تھا اور نشہ کی حالت میں ہراساں کرتا تھا۔ اس بات سے فائدہ اٹھا کر لکپتی روجا کے گھر اکثر آیا کرتا تھا اور بیمار کی مدد کے بہانے قریب ہوگیا اور اس کی ہمدردی ناجائز تعلقات میں بدل گئی۔ کچھ دن بعد لکپتی راگیا نائیک یعنی اس کے ہم زلف کی غیرموجودگی میں اپنی سالی سے ملاقات کے لئے گھر آیا کرتا تھا اور شوہر کی غیرموجودگی میں روجا اپنے بہنوئی کے ساتھ رنگ ریلیاں منارہی تھی۔ اس دوران راگیا نے اپنے حصہ کی اراضی لکپتی کو فروخت کرنے کا معاہدہ کیا اور کچھ روز گذرنے کے بعد وہ 15 لاکھ کے بجائے مزید 10 لاکھ روپئے زائد ادا کرنے کا مطالبہ کررہا تھا۔ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے شوہر سے روجا پریشان تھی اور اس نے اپنے آشنا کے ساتھ منصوبہ تیار کیا اور 10 لاکھ روپئے میں قتل کا معاہدہ طئے پایا جس کے بعد مان سنگھ بالو بی اور ملیشوراؤ نے سازش پر عمل کیا۔ پولیس رائے درگم راگیا نائیک کی گمشدگی کی شکایت پر تحقیقات کررہی تھی اور تحقیقات میں پولیس نے سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے 5 افراد بشمول مقتول کی بیوی کو گرفتار کرلیا۔ع