شوہر کی قاتل بیوی گرفتار

   


حیدرآباد۔/5 جنوری، ( سیاست نیوز) سرکاری ملازمتوں پر تقررات کے اس دور میں ملازمت کیلئے قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں ایک بیوی نے شوہر کا قتل کردیا اور اس قتل کو حادثاتی موت قرار دینے کی کوشش کررہی تھی۔ تاہم بیٹے کے شبہات نے باپ کی قاتل ماں کو بے نقاب کردیا۔ یہ واقعہ کتہ گوڑم ضلع میں پیش آیا جہاں 50 سالہ شخص سرینواس کا اس کی بیوی 43 سالہ مہا لکشمی نے قتل کردیا۔ پولیس نے جب شبہ کی بنیاد پر مہالکشمی کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ اس نے یہ واردات انجام دی جو شوہر کی موت کے بعد حیدرآباد فرار ہونے کی کوشش کررہی تھی۔ پولیس نے جب مہالکشمی سے شوہر کے قتل کی وجہ کو دریافت کیا تو پتہ چلا کہ اس نے سرکاری ملازمت کیلئے شوہر کا قتل کیا۔ سرینواس کتہ گوڑم کلکٹریٹ میں بحیثیت اٹینڈر ملازمت کررہا تھا۔ گذشتہ ماہ کی 29 تاریخ کو سرینواس اپنے مکان سے گر کر شدید زخمی ہوگیا تھا اور اس کی بیوی نے خود شوہر کو زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مہالکشمی نے اس کہانی کو تیار کیا جبکہ خود اس نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے خود شوہر پر حالت نیند میں حملہ کیا۔ سرینواس کے سر پر لاٹھی سے حملہ کرتے ہوئے اسے پہلے شدید زخمی کردیا اور زخمی حالت میں مکان کے باورچی خانہ لے گئی اور شوہر کو فرش پر لٹادیا جس کے بعد اس نے شوہر کے اچانک گرجانے کی افواہ پھیلادی اور شوہر کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں سرینواس علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مہالکشمی کو گرفتار کرلیا ہے۔ع