پیدا پلی 5 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) پیدا پلی ضلع میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں شوہر کی موت کے چند گھنٹوں میں ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ایک 60 سالہ خاتون بھی فوت ہوگئی ۔ کل رات یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے بموجب منتھنی لنگیا 65 سال اور اس کی شریک حیات ملما 60 سال ولوچاورم کے ساکن تھے ۔ وہ اپنی دختر کے گھر گوداوری کھنی گئے ہوئے تھے ۔ وہاں ایک تقریب کے بعد لنگیا نے سینہ میں درد کی شکایت کی اور اسے دواخانہ منتقل کرنے سے پہلے ہی وہ فوت ہوگیا ۔ ابھی لنگیا کی نعش واپس ولوچاورم لائی جا رہی تھی کہ راستے میں ملما نے بھی سینے میں درد کی شکایت کی اور آٹو رکشا ہی میں فوت ہوگئی ۔ اس جوڑے کو ایک غیرشادی شدہ بیٹا بھی ہے ۔ واقعہ پر سارے گاوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔