ظالم شوہر نے بیوی کو مارپیٹ کے بعد سر مونڈھ دیا ، وزیر داخلہ کی بروقت توجہ ، سخت کارروائی کا حکم
لاہور۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈیفنس علاقے میں مبینہ طور پر شوہر نے دوستوں کے سامنے رقص کرنے سے انکار پر بیوی پر تشدد کیا اور اس کے بال کاٹ دیئے جب کہ وزیر مملکت برائے داخلہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔اسما ء عزیز نامی خاتون نے ویڈیو بیان دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ اس کا شوہر میاں فیصل روزانہ دوستوں کو گھر لاتا اور ان کے سامنے اسے رقص کرنے کا کہا کرتا تھا، رقص سے انکار پر شوہر نے دوستوں کے ساتھ مل کر تشدد کیا اور پائپوں سے مارا۔خاتون کے مطابق شوہر نے اس کے سر کے بال بھی مونڈ دیئے جب کہ ملازمین کے سامنے برہنہ کیا اور الٹا لٹکانے کی کوشش کی۔خاتون نے بتایا کہ ان کی میاں فیصل نامی شخص نے چار سال قبل پسند کی شادی ہوئی تھی، شوہر نے اس کے پیسے بھی ہڑپ لئے ۔خاتون نے الزام لگایا کہ وہ ، شوہر کے تشدد کے بعد گھر سے بھاگ کر پولیس تھانے پہنچی اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا جس پر پولیس نے مقدمہ کے اندراج سے انکار کیا اور پیسے طلب کئے۔بعد ازاں پولیس نے معمولی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جس کے فائدہ ملزم کو پہنچے گا۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ شہریار آفریدی نے آئی جی پولیس پنجاب کو ملزم کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کی اور واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔