شوہر کے ہاتھوں حاملہ بیوی کا قتل

   

ماریڈ پلی کے والمیکی نگر میں سنگین واردات ، قاتل گرفتار
حیدرآباد ۔ /23 جنوری (سیاست نیوز) ماریڈپلی کے علاقہ والمیکی نگر میں پیش آئی ایک واردات میں شوہر نے اپنی حاملہ بیوی کا قتل کردیا ۔ انسپکٹر ماریڈپلی مسٹر سرینواس کے بموجب 32 سالہ ستیہ وتی کی شادی سال 2013 ء میں بی سنی نامی شخص سے ہوئی تھی اور وہ ایسٹ ماریڈپلی میں مقیم تھے ۔ خاتون کا شوہر عادی شرابی ہے اور وہ اپنی بیوی کو آئے دن ذہنی اور جسمانی اذیتیں دیا کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ /22 جنوری کی شب سنی نے اپنی بیوی ستیہ وتی جو چار ماہ کی حاملہ تھی کو طبی معائنے کیلئے مقامی دواخانہ لے گیا اور بعد ازاں اسے گھر واپس لے آیا ۔ /22 جنوری کی شب سے ہی ستیہ وتی نے کسی کے فون کال کا بھی جواب نہیں دیا جس کے نتیجہ میں ستیہ وتی کا باپ راملو مکان پہونچنے پر دروازے کو مقفل پایا ۔ اسی دوران /23 جنوری کو سنی نے اپنے سسرالی مکان پہونچ کر اپنے خسر راملو کو بتایا کہ اس نے ستیہ وتی کا قتل کردیا ہے ۔ اس بات کی اطلاع فوری ماریڈپلی پولیس کو دی گئی جس کے نتیجہ میں مقام واردات پر کلوز ٹیم بھی پہونچ گئی ۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ سنی نے اپنی بیوی کا گلہ گھونٹ کر قتل کیا ہے ۔ پولیس نے فوری خاتون کے شوہر کو حراست میں لے کر اس کے خلاف ایک قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔