شویتا تیواری کے خلاف متنازعہ بیان پر ایف آئی آر درج

   

بھوپال ۔ بھوپال میں ایک نئی ویب سیریزکی تشہیر کے دوران متنازعہ بیان دے کر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں اداکارہ شویتا تیواری کے خلاف ایف آئی آر درج کئی گئی ہے۔ یہ مقدمہ بھوپال کے شیاملا ہلز پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہندکی دفعہ 295(A) کے تحت درج کیا گیا ہے۔ویب سیریز کے لانچ ایونٹ کے دوران شویتا نے کہا کہ ان کی چولی کا سائز بھگوان لے رہا ہے، جو بہت سے لوگوں کو اچھا نہیں لگا۔ شویتا نے یہ متنازعہ بیان اپنی آنے والی ویب سیریز کی تشہیر کے دوران دیا ہے، جس میں سوربھ راج جین اور روہت رائے بھی موجود تھے ۔یہ ایف آئی آر مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا کے شویتا تیواری کے متنازعہ بیان پر نوٹس لینے کے فوراً بعد سامنے آئی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نروتم مشرا نے کہا تھا میں نے شویتا تیواری کا بیان دیکھا اورسنا ہے، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، میں نے بھوپال کے پولس کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد تحقیقات کرکے مجھے رپورٹ پیش کریں۔