کولکاتا۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لئے جاری سیاسی جدوجہد کے دوران ہائی پروفائل نندی گرام سیٹ پر سبھی کی نگاہیں مرکوز ہیں کیونکہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی یہاں سے خود ترنمول کانگریس کی امیدوار ہیں۔ جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ممتا کے پرانے بااعتماد رفیق شویندو ادھیکاری کو میدان میں اتارا ہے۔ ان دونوں کے مابین دلچسپ مقابلہ ہے اور ایک دوسرے کی شکایت الیکشن کمیشن تک پہنچ رہی ہے۔ دریں اثنا، ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے شویندو ادھیکاری پر مجرموں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹی ایم سی نے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ نندی گرام میں شویندو ادھیکاری کے ذریعہ مجرموں کو پناہ دی جا رہی ہے۔