شکستہ برتنوں سے کریں کچن کی آرائش

   

آجکل ہم دیکھتے ہیں کہ اکثر خواتین کا گھریلو سامان سے لگاو بڑھتا جا رہا ہے۔وہ ٹوٹی ہوئی اور پرانی اشیاء میں دلچسپی لے رہی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب وہ کچن میں رکھے پرانے کپ یہ کہہ کر ضائع نہیں کرتیں کہ ان میں سے کسی کا ایک آدھ کونہ ٹوٹ گیا ہے یا پلیٹ ٹوٹ گئی تو کپ بیکار ہو گیا ہے یا سیٹ کے دو کپ رہ گئے، باقی سب ٹوٹ گئے۔ کیونکہ اس طرح خاتون خانہ کے دل سے ایک ہوک سی اٹھتی ہے، وہ آہ بھر کر اپنے شاندار اور دیدہ زیب ٹی سیٹ کو دیکھتی رہ جاتی ہیں مگر اب نہیں۔اب وہ کوشش کرتی ہے کہ ہر ایسے ٹی کیس اور پلیٹ کو گھریلو آرائش کیلئے استعمال کرے جن سے گھر کی رونق میں اضافہ ہو۔یہ سب آپ بھی کر سکتی ہیں۔مگر کیسے اور کیونکر؟ آئیں سیکھتے ہیں۔
ٹی کپ کینڈلز: خوشبودار موم بتیاں گھریلو آرائش کے جمالیاتی پہلو کو نمایاں کرتی ہیں۔یہ آپ کے حسن نظر کی اور بھی عکاسی کریں گی جب آپ پورے ٹی سیٹ سے ایک یا دو باقی رہ جانے والے ٹی کیس میں خوشبودار موم ڈال کر اپنے کچن میں مختلف رنگوں کی چھوٹی موم بتیاں روشن کریں گی۔اس تیار شدہ کیس کو آپ کسی عزیز ہستی کو تحفتاً بھی دے سکتی ہیں بجائے بازار میں یکساں سے کینڈل اسٹینڈ لینے کے آپ خود تحفہ تیار کیجئے اور اپنے خلوص و چاہت کا اظہار یوں بھی کیا جا سکتا ہے۔
پرانے برتنوں سے بنائیں گملے: اگر آپ اپنے گھر میں پودے اُگانا چاہتے ہیں مگر آپ کے پاس جگہ یا گملا نہیں ہے تو پریشان نہ ہوں۔آپ اپنے گھر ٹوٹے برتنوں میں مٹی ڈال کر انھیں ایک خوبصورت گملے میں تبدیل کر سکتے ہیں اور ان میں اپنی پسند کے پھولوں والے پودے بھی لگا سکتے ہیں اس طرح گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا اور برتن بھی ضائع نہیں ہو گا۔
اس کے علاوہ ہر گھر میں کچھ فینسی قسم کے گلاس ہوتے ہیں اور اگر وہ ٹوٹ جائے تو اُس میں خواتین مٹی بھر کر مختلف قسم کے پودے اُگانے کا کام کرتی ہیں اور پودے اُگنے کے بعد اُسے گھر کی آرائش کیلئے استعمال کرتی ہیں ۔ بعض خواتین اُن گلاسوں میں موم بھر کر دھاگہ کی ایک بتی کو کچھ اس طرح درمیان میں رکھتی ہیں کہ وقت پڑنے پر ( بجلی منقطع ہونا ) اُسے بطور موم بتی بھی استعمال کیا جاسکتا ہو ۔