شہادت بابری مسجد کے ملزمین کا عبرتناک انجام

,

   

Ferty9 Clinic

اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور دیگر کو خود بی جے پی نے ذلیل و خوار کردیا
نئی دہلی 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی میں 75 سال سے زائد عمر کے بوڑھے قائدین کو لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ کے بجائے یہ کہتے ہوئے گھر بھیجا جارہا ہے کہ ملک اور پارٹی کی بہت خدمت کرلی ہے۔ اب گھر جاکر آرام کیجئے۔ پارٹی میں کام کرنے والے نوجوان اور ادھیڑ عمر کے قائدین کو اپنی بک بک سے بور مت کیجئے۔ اب آپ لوگوں کی عمر ہوچکی ہے۔ پارٹی کو آپ لوگوں نے اقتدار تک پہنچایا ہے۔ اس کے صلہ میں ہم آپ سے یہی کہتے ہیں کہ اپنی طرف سے بالکل رضاکارانہ طور پر یہ اعلان کردیں کہ ہم انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ بہرحال بی جے پی نے بوڑھے قائدین سے اس طرح کے الفاظ کہنے کے لئے رام لال کو منتخب کیا ہے۔ اس سلسلہ میں 85 سالہ مرلی منوہر جوشی کا ایک مکتوب منظر عام پر آیا جس میں اُنھوں نے کانپور حلقہ کے رائے دہندوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا : ’’شری رام لال جنرل سکریٹری بی جے پی نے مجھ سے ملاقات کی اور کہاکہ مجھے مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں کانپور یا کسی اور حلقہ سے مقابلہ نہیں کرنا چاہئے‘‘۔ واضح رہے کہ بی جے پی میں 75 سال سے زائد عمر کے حامل قائدین کو انتخابات میں مقابلہ کرنے سے روک دیا گیا ہے حالانکہ 85 سال کی عمر میں بھی مرلی منوہر جوشی اور 91 سال سے زائد عمر ہونے کے باوجود ایل کے اڈوانی بی جے پی کے نوجوان اور ادھیڑ عمر کے قائدین سے کہیں زیادہ سرگرم ہیں۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی پارٹی قائدین سے کافی ناراض ہیں۔ انھوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انھیں پارٹی میں اس قدر ذلیل و خوار کیا جائے گا۔ مرلی منوہر جوشی ماضی میں پارٹی کے صدر اور مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ 2014 ء کے عام انتخابات میں اُنھوں نے اپنا حلقہ وارانسی نریندر مودی کو دے دیا تھا اور خود کانپور سے مقابلہ کیا تھا اور بڑی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے بوڑھوں میں کلراج مشرا، شانتا کمار، کاریہ منڈا، بھگت سنگھ، کوشیاری، بی سی کندوری، حکم دیو نارائن یادو وغیرہ شامل ہیں، اِن تمام نے بی جے پی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپنی ہی پارٹی کی جانب سے ذلیل و خوار کئے جانے والے ان بوڑھوں میں شہادت بابری مسجد کے مجرمین اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی بھی شامل ہیں۔ ان لوگوں نے بابری مسجد کے ہندوتوا غنڈوں کے ہاتھوں مسمار کئے جانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اب قدرت نے ان کی عزت ہی مسمار کردی۔ بابری مسجد کی شہادت میں راست اور بالواسطہ طور پر ملوث درندوں کا عبرتناک انجام ہوا ہے بعض کی نعشوں کو کتوں نے نوچ کھایا ہے اور ساری دنیا نے اُس منظر کو دیکھا بھی ہے۔

مرلی منوہر جوشی بھی بی جے پی ٹکٹ سے محروم
نئی دہلی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سابق صدر اور لوک سبھا کے رکن مرلی منوہر جوشی سے ان کی پارٹی نے کہا ہے کہ آنے والے ولک سبھا انتخابات میں وہ مقابلہ نہ کریں۔ بزرگ قائدین کو امیدوار نامزد نہ کرنے پارٹی کے فیصلے کی بنیاد انہیں یہ ہدایت کی گئی ہے۔ بی جے پی اپنے بانی رکن اور طویل عرصہ تک سربراہ رہنے والے قائد ایل کے اڈوانی کو بھی اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا ہے۔ جوشی کے دفتر نے بھی اس نئی تبدیلی کی توثیق کردی ہے اور کہا کہ کانپور کے ووٹرس کے لئے ایک مختصر بیان جاری کیا گیا ہے، جہاں سے 85 سالہ جوشی 2014ء میں منتخب ہوگئے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے جنرل سیکریٹری (تنظیمی اُمور) رام لال جو آر ایس ایس کے نامزد کردہ ہیں، جوشی کو اپنی پارٹی کی قیادت کے اس فیصلے سے واقف کروایا کہ وہ آنے والے انتخابات میں مقابلہ نہ کریں۔ جوشی 2009ء میں حلقہ وارناسی سے منتخب ہوئے تھے اور 2014ء میں اس حلقہ سے دستبردار ہوگئے تھے ، جہاں سے وزیراعظم نریندر مودی کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔