شہبازشریف نے بطور وزیراعظم پاکستان حلف لیا

,

   

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے لیڈر شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم کے عہدے کا آج حلف لیا۔ تقریبِ حلف برداری ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم کو عہدے کا حلف دلایا ۔ اس موقع پر تین صوبوں (پنجاب، سندھ اور بلوچستان) کے وزرائے اعلیٰ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایوان صدر میں موجود تھے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر سرویسز کے سربراہان ، اعلیٰ بیوروکریٹس اور سفرا ء وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں شریک ہوئے۔ سبکدوش نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف، شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔حلف برداری کے بعد پرائم منسٹرس ہاؤس میں مسلح افواج کے دستہ نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔انتخابی عمل میں شہباز شریف نے 201 جبکہ اُن کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔