شہباز شریف ‘ نواز شریف کو آج لندن لے جائیں گے

   

برطانیہ میں علاج کروایا جائیگا ۔ نیویارک میں ڈاکٹرس سے بھی مشاورت جاری

لاہور 9 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان مسلم لیگ ۔ نواز ( پی ایم ایل ۔ ن ) کے سربراہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی و علیل سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اتوار کو علاج کیلئے لندن لے کے جائیں گے کیونکہ ان کی حالت اب بھی تشویشناک ہے ۔ میڈیا رپورٹ میںیہ بات بتائی گئی ۔ 69 سالہ نواز شریف نے کل ہی علاج کیلئے لندن جانے سے اتفاق کرلیا تھا ۔ انہوں نے ڈاکٹرس کے مشورہ اور افراد خاندان کی خواہش پر یہ فیصلہ کیا ہے ۔ ان کی دختر مریم نواز نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ حکومت پاکستان نے بھی نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کی طبی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ 68 سالہ شہباز شریف نواز شریف کو طبی علاج کیلئے اتوار کو لندن لے جائیں گے ۔ جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے یہ بات بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ہالے اسٹریٹ کلینک میں نواز شریف کے علاج کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف پاکستان انٹرنیشنل ائرلائینس کی پرواز سے اتوار کو لندن جائیں گے ۔ نواز شریف کے افراد خاندان نے لندن میں دو ڈاکٹرس سے رابطہ کیا ہے تاکہ سابق وزیر اعظم کا علاج کیا جاسکے ۔ ہارلے اسٹریٹ کلینک میں پیر کو ڈاکٹر کا وقت بھی لے لیا گیا ہے ۔ شریف کے افراد خاندان نیویارک میں بھی ایک ڈاکٹر سے مشاورت کر رہے ہیں۔شہباز شریف بھی نواز شریف کے ساتھ جائیں گے کیونکہ انہوں نے پہلے ہی ہارلے اسٹریٹ کلینکس کے کنسلٹنٹس سے بات کرلی ہے جہاں پلیٹلیٹس میں کمی کے شکار مریضوں کا خانگی علاج کیا جاتا ہے ۔ اس تعل سے قطعی فیصلہ سروسیس ہاسپٹل سے نواز شریف کے ڈسچارچ کئے جانے کے بعد کیا جائیگا ۔ قبل ازیں کل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ افراد خاندان نواز شریف کے تعلق سے کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے اور انہوں نے نواز شریف کو بیرون ملک روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مریم نواز نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ شہباز شریف سابق وزیر اعظم سے متعلق تمام انتظامات دیکھ رہے ہیں اور گذشتہ سال اپنی والدہ سے محروم ہونے کے بعد ان کے والد ہی ان کیلئے سب کچھ ہیں۔ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا گذشتہ سال لندن میں انتقال ہوگیا تھا ۔