شہرحیدرآباد میں بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ

   

حیدرآباد، 4دسمبر(یواین آئی) شہر حیدرآباد میں بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔موسم چاہے سردی،بارش یا پھر گرما کاہو، ان کا کام سڑکوں اور چوراہوں پر بھیک مانگنا ہے ۔جی ایچ ایم سی شہر کو بھکاریوں سے پاک بنانا چاہتی ہے ۔قبل ازیں ان کیلئے عہدیداروں نے شلٹرہوم کا قیام عمل میں لایاتھا۔حالیہ دنوں بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظرصورتحال بدترہوگئی ہے ۔عبادت گاہوں اورعوامی مقامات کے قریب ان کی بڑی تعداد نظرآتی ہے ۔قبل ازیں کارپوریشن سے ان کی تعداد پر سروے کیاگیا تھا۔دہلی، بہار ریاستوں سمیت ممبئی سے بھیک مانگنے کئی بھکاریوں کے حیدرآباد آنے کی اطلاع ہے ۔وقارآباد ، شنکرپلی ث شادنگر کے دیہاتوں سے بھی کئی افراد بھیک مانگنے حیدرآباد آتے ہیں ۔ سکندر آباد نامپلی ، کاچیگوڑہ اسٹیشنوں سمیت املی بن، جوبلی بس اسٹیشن کے قریب کئی بھکاری نظرآتے ہیں۔شہر میں ان کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔غیر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق شہر میں ان کی تعداد تقریبا دس ہزار ہے ۔دوسال پہلے جی ایچ ایم سی نے بعض غیرسرکاری تنظیموں کے ساتھ اشتراک کے ذریعہ سینکڑوں بھکاریوں کو راحت مراکز منتقل کیا تھا۔