درجہ حرارت میں معمولی کمی ۔ رطوبت میں اضافہ
حیدرآباد 22۔مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں صبح کی اولین ساعتوں میں موسلادھار بارش کے سبب گرمی کی تمازت میں معمولی راحت کے ساتھ درجہ حرارت میں 2 ڈگری کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ دونوں شہروں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب اچانک بارش کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی اور ایک گھنٹہ سے زائد اس بارش کے دوران تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پیر کی صبح درجہ حرارت میں کمی اور دھوپ کی تمازت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی لیکن رطوبت میں اضافہ کی وجہ سے پسینہ کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا جبکہ 24گھنٹوں کے بعد دوبارہ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جار ہا ہے کہ 25 مئی سے موسم گرما کی شدت میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں گذشتہ شب بارش ہونے کے سبب شہریوں کو گرمی سے کچھ حد تک راحت حاصل ہوئی لیکن دو یوم بعد دوبارہ گرمی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق 24گھنٹے خشک موسم کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے بیشتر اضلاع اور شہر حیدرآباد اور نواحی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی جائے گی لیکن 25مئی سے دوبارہ موسم گرما کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور درجہ حرارت میں ہونے والے اضافہ کے باعث گرمی کی شدت بڑھ جائے گی اس کے ساتھ چلنے والی گرم ہوائیں ریاست کے بیشتر اضلاع میں لو لگنے کے واقعات میں اضافہ کا سبب بن سکتی ہیں ۔