پائپ لائنوں کی مرمت و درستگی کیلئے آبرسانی بورڈ کے جنگی خطوط پر اقدامات، شہریوں تکالیف سے بچنے کیلئے پیشگی متبادل انتظامات کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی) کی جانب سے عثمان ساگر ذخیرہ آب سے پہنچنے والے پانی کی پائپ لائنوں اور آصف نگر میں واقع فولڈر بیڈس کی صفائی جیسے مرمت و درستگی کے کاموں کے ضمن میں 26 اگست تا 29 اگست مختلف مقامات پر پانی کی سربراہی مسدود رہے گی۔ ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی کے پریس نوٹ کے مطابق 26 اگست کی رات ایک بجے تا 27 اگست صبح 6 بجے کاکتیہ نگر ، سالارجنگ کالونی ، وجئے نگر کالونی ، چنتل بستی اور ہمایوں نگر جیسے علاقوں میں پانی کی سربراہی بند رہے گی۔ مرمت و درستگی کے کام کے سبب اے سی گارڈز ، خیریت آباد ، ملے پلی ، بھوئی گوڑہ کمان ، نامپلی ، آغا پورہ ، سیتارام باغ ، جواہر نگر کے چند علاقوں ، ایم سی ایچ کوارٹرس ، سکریٹریٹ ، ریڈ ہلز ، گن فاؤنڈری ، دومل گوڑہ اور لکڑی کا پل جیسے علاقے بھی پانی کی عدم سربراہی سے متاثر ہوں گے ۔ ان کاموں کے نتیجہ میں سائبر آباد کے چند حصے جیسے منی کونڈہ ، پوپل گوڑہ اور نارسنگی بھی متاثر ہوں گے۔ ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی نے مزید کہا کہ دیگر علاقوں میں 28 اگست کی صبح 6 بجے تا 29 اگست شام 6 بجے پانی کی عدم سربراہی سے متاثر رہیں گے۔ کرشنا ندی سے پینے کے پانی کی سربراہی کے پراجکٹ (مرحلہ اول) کے پائپ لائنوں کو ٹیکل پلی کے گوڈا کنڈلا اور گونگال علاقوںتک توسیع اور دیگر مرمتی کاموں کے سبب پانی کی سربراہی بند رکھی جارہی ہے ۔ چنانچہ 28 اور 29 اگست کے درمیان کشن باغ، علی آباد ، سعید آباد ، چنچل گوڑہ ، یاقوت پورہ ، ملک پیٹ ، موسیٰ رام باغ ، افضل گنج ، نارائن گوڑہ ، ایڈک میٹ ، چلکل گوڑہ اور دلسکھ نگر کے علاقوں میں بھی پانی کی سربراہی عمل میں نہیں آئے گی۔ پریس نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھوجا گٹہ ، ماریڈ پلی ، ملکاجگیری اور سینک پوری ریزروائرس سے پانی سربراہ کئے جانے والے علاقوں میں بھی 29 اگست کو صبح 6 بجے تا 6 بجے شام آبرسانی بند رہے گی ۔ آبرسانی بورڈ نے شہریوں کو تکالیف سے بچنے کے لئے پیشگی متبادل انتظام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ حکومت تلنگانہ فی الحال ہر گھر کو پائپ لائین کے پینے کا صاف ستھرا پانی پہنچانے کے مقصد سے اپنے مشن بھگیرتا پروگرام پر عمل آوری میں مصروف ہے اور جنگی خطوط پر اس کی تکمیل کی جارہی ہے۔