شہریت بل کی آج راجیہ سبھا میں پیشکشی و منظوری متوقع

,

   

نئی دہلی 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی بل چہارشنبہ کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ راجیہ سبھا میں اِس بل پر مباحث کے لئے دن میں 2 بجے سے 6 گھنٹوں کا وقت مختص کیا گیا ہے۔ کل لوک سبھا میں شہریت ترمیمی بِل کو منظور کرلیا گیا کیوں کہ لوک سبھا میں بی جے پی کو اس کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ اکثریت حاصل ہے لیکن راجیہ سبھا میں صورتحال مختلف ہے۔ تاہم حکومت کو بِل کی منظوری کے لئے غیر جانبدار جماعتوں سے تائید کی اُمید ہے۔ امیت شاہ کل راجیہ سبھا میں یہ بِل پیش کریں گے اور راجیہ سبھا میں بھی بِل کی آسانی سے منظوری کی توقع کی جارہی ہے اور حکومت کو اس کے لئے زیادہ مشکلات کا سامنا نہ ہونے کی اُمید بھی ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران راجیہ سبھا میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے ارکان کی عددی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔ راجیہ سبھا میں جملہ 245 ارکان ہیں۔ پانچ نشستیں مخلوعہ ہیں، اس طرح ارکان کی موجودہ تعداد 240 ہے۔ اگر تمام ارکان ووٹنگ میں حصہ لیتے ہیں تو بل کی منظوری کے لئے 121 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔