شہریت ترمیمی قانون پر آندھرا پردیش ریاست میں عمل نہیں کیا جائے گا

   

چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کا مسلم ارکان اسمبلی کو تیقن
حیدرآباد ۔ 18 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : شہریت قانون کو ریاست آندھرا پردیش میں عمل نہیں کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پارٹی کے مسلم ارکان اسمبلی کو اس بات کا تیقن دیا ۔ یہ بات کرنول کے رکن اسمبلی مسٹر حفیظ خاں نے بتائی ۔ شہریت قانون کے خلاف مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی پر تشویش کا شکار وائی ایس آر پارٹی کے مسلم ارکان اسمبلی نے آج چیف منسٹر سے ملاقات کی ۔ اس گروپ کی قیادت ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر امجد باشاہ کررہے تھے ۔ مسلم ارکان اسمبلی جن میں امجد باشاہ کے علاوہ حفیظ خاں ، محمد مصطفی ، نواز پاشاہ شامل تھے ۔ جگن موہن ریڈی کو بل کے تعلق سے مسلمانوں میں پائی جانے والی تشویش سے واقف کروایا ۔ پارلیمنٹ میں وائی ایس آر کانگریس کی تائید کے بعد سے آندھرا کے مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ پارٹی کے سیکولر کردار کو مشکوک نظر سے دیکھ رہے ہیں ۔ تاہم پارٹی ارکان اسمبلی کی جانب سے حالات سے واقفیت کے بعد جگن موہن ریڈی نے انہیں اس بات کا بھروسہ دلایا کہ وائی ایس آر پارٹی مسلمانوں پر کسی بھی قسم کی آفت و پریشانی کا خود مقابلہ کرے گی اور مسلمانوں کو پریشانی کی صورت میں اس قانون پر ریاست میں عمل آوری نہیں کی جائے گی ۔ مسلم ارکان اسمبلی کے مطابق مسلمانوں کی پریشانی کا سبب بننے والی کسی بھی چیز کو قبول نہیں کیا جائے گا اور اس قانون سے مسلمانوں کے ساتھ اگر نا انصافی ہوتی ہو تو اس کو برداشت بھی نہیں کیا جائے گا اور مسلمانوں کا ہر لحاظ سے تحفظ کرنے کی ذمہ داری ہماری ہے ۔ مسلم ارکان اسمبلی نے مسلمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ کسی بھی خوف و تشویش کا شکار نہ ہوں چونکہ ریاست میں مسلمانوں کے ساتھ ان کے اپنے ارکان اسمبلی موجود ہیں جو ہمیشہ ان کے حق میں ان کا ساتھ دیں گے ۔ مسلم ارکان اسمبلی نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتہ سے مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی کا ہم نے جائزہ لیا اور ضروری سمجھتے ہوئے ان حالات سے چیف منسٹر کو واقف کروایا اور چیف منسٹر نے مسلمانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کا بھروسہ دلایا۔ اس موقعہ پر ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے بتایا کہ ریاست کے مسلمانوں کو پریشان ہونے کی ضورت نہیں اور نہ ہی وائی ایس آر پارٹی کے سیکولر کردار پر شبہ کی ضرورت ہے ۔ امجد باشاہ نے کہا کہ چیف منسٹر نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ وائی ایس آر پارٹی مسلمانوں کے ساتھ ہے اور پارلیمنٹ میں بھی مسلمانوں کے حق میں احتجاج کیا جائے گا اور جہاں کہیں بھی مسلمانوں کے ساتھ نا انصافی ہوگی وائی ایس آر کانگریس مسلمانوں کے حق میں سب سے سامنے رہے گی ۔۔