شہریت قانون ستائے ہوئے مذہبی اقلیتوں کیلئے :ایس جے شنکر

   

واشنگٹن، 19 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں نئے شہریت قانون پر ہو رہے تنازعہ کو لے کر وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے واضح کیا ہے کہ یہ قانون کچھ ممالک میں ستائے ہوئے مذہبی اقلیتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔مسٹر جے شنکر نے امریکہ میں دوسرے ٹو پلس ٹو درجے کی بات چیت میں وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ملاقات میں یہ بات کہی۔ مسٹر پومپیو نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مذہبی طور پر اقلیتوں کے تحفظ کو لے کر سنجیدہ ہے لیکن وہ اس معاملہ میں ہندوستان میں جاری زوردار بحث کا بھی احترام کرتا ہے ۔مسٹر پومپیو نے ٹو پلس ٹو درجے کی بات چیت کے اختتام کے بعد صحافیوں سے کہا‘‘ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں اقلیتوں کے مفادات کی حفاظت کو لے کر سنجیدہ ہیں اور ان کے مذہبی حقوق کی حفاظت کی حمایت کریں گے ۔ہم ہندوستانی جمہوریت کا احترام کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر ان کے یہاں پختہ بحث جاری ہے ’’۔قابل غور ہے کہ مسٹر پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر نے بدھ کو ایس جے شنکر اور ہندوستانی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے کافی اہم بات چیت کی۔مسٹر پومپیو سے میڈیا بریفنگ میں جب یہ پوچھا گیا کہ کسی بھی جمہوریت میں مذہب کو شہریت کا پیمانہ طے کرنے کے لیے وہ کیا مناسب سمجھتے ہیں تو اس پر مسٹر جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان کا نیا شہریت قانون افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں مذہبی طور پر ستائے گئے اقلیتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔