نئی دہلی: نئے شہریت ترمیمی قانون نہ توکسی مذہب کے خلاف ہے اور نہ ہی کسی کو اس کے ذریعہ سے ملک سے نکالا جائے گا۔ مختلف شقوں کے تحت مسلمان بھی ہندوستان کی شہریت حاصل کرسکتے ہیں۔ مرکزی وزیر اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی نے یہ با ت بتائی۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہجرت کر کے آئے مسلمان بھی ہندوستانی شہریت کی درخواست دے سکتے ہیں۔
اس اجلاس میں موجود مرکزی وزیر اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی نے کہا کہ سی اے اے شہریت فراہم کرنے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے سے ڈر اور شبہ کا بھوت کھڑا کر کے افواہوں سے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دوسری طرف شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھرمیں پر تشدد احتجاج کیا جارہا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پولیس نے طلبہ پر اندھا دھند لاٹھی چارج کردیا جس سے کئی طلبہ شدید زخمی ہوگئے۔ بنگلورمیں بھی اس قانون کو لے کر زبردست احتجاج کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلور میں حالات کو قابو میں کرنے کیلئے 144دفعہ نافذ کی گئی۔