شہریت قانون غیر دستوری اور عوام کے بنیادی حقوق کے خلاف

   

قانون پر عمل آوری میں ریاستوں کا رول نہیں، نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کا خطاب

حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے مرکزی حکومت کے شہریت ترمیمی قانون کو غیر دستوری قرار دیا اور کہا کہ اس قانون کے ذریعہ عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ ونود کمار نے واضح کردیا کہ ٹی آر ایس اس قانون کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پارٹی نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ ونود کمار آج حیدرآباد میں آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈاریٹی آرگنائزیشن کی دوسری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے قانون کی منظوری سے پس پردہ مقاصد بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کے متنازعہ قوانین کو منظوری دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے اس قانون کا استعمال کیا جائے گا اور قانون پر عمل آوری کی صورت میں دستور کی حقیقی روح متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملکوں سے آنے والے مسلم پناہ گزینوں کو ہندوستانی شہریت نہیں دی جائے گی یہ سیکولرازم کے خلاف ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ شہریت ترمیمی قانون پر عمل آوری کے سلسلہ میں ریاستوں کا کوئی رول نہیں ہے۔ پانچ ریاستوں نے مذکورہ قانون پر عمل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرابھدرم نے ونود کمار سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ میں قانون پر عمل آوری نہ کرنے کا اعلان کریں۔ جس پر ونود کمار نے وضاحت کی اور بتایا کہ مذکورہ قانون پر عمل آوری میں ریاستوں کا کوئی دخل نہیں ہے۔ یہ قانون راست طور پر مرکز کی نگرانی میں ہے اور عمل آوری یا عمل نہ کرنا ریاستوں کے ہاتھ میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے چیف منسٹرس کا بیان محض ایک سیاسی بیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ویریفکیشن میں مداخلت کے علاوہ مذکورہ قانون میں ریاستیں مداخلت نہیں کرسکتیں۔ ونود کمار نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ دستور کی خلاف ورزی میں تیار کردہ اس قانون کے معاملہ میں فوری مداخلت کرتے ہوئے اپنا موقف واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں امن اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے ہر کسی کو اپنا حصہ ادا کرنا ہوگا۔اس کانفرنس میں سی پی آئی کے سابق قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی، تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم، کانگریس کے قائد یادو ریڈی، عبید اللہ کوتوال، فلم رائٹر ایس اشوک تیجا کے علاوہ پیس اینڈ سالیڈاریٹی آرگنائزیشن کے قائدین پی گپتا، ارون کمار، کے وی ایل یادیا، جگن موہن اور دوسرے شریک تھے۔