ٹی آر ایس رکن اسمبلی ہائیکورٹ سے رجوع
حیدرآباد 21 نومبر ( پی ٹی آئی ) برسر اقتدار ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی نے ‘ جن کی ہندوستانی شہریت کو مرکزی حکومت نے منسوخ کردیا ہے ‘ آج کہا کہ وہ حکومت کے حکمنامہ کو کالعدم قرار دینے ہائیکورٹ سے رجوع ہوچکے ہیں۔رکن اسمبلی رمیش چینما نینی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ انہوں نے ایک درخواست دائر کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ کے حکمنامہ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے ۔ اس درخواست میں یہ بھی استدعا کی کہ اس درخواست کی یکسوئی تک اس تعلق سے ہونے والی کارروائی کو بھی معطل رکھا جائے ۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے کل ایک تازہ حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ہندوستان کو اپنے دوروں سے متعلق حقائق کو پوشیدہ رکھنے کی پاداش میں ان کی ہندوستانی شہریت کو منسوخ کردیا تھا ۔ انہوں نے یہ دورے ہندوستانی شہریت سے متعلق ان کی درخواست کی یکسوئی سے قبل کئے تھے ۔ وزارت داخلہ نے اپنے حکمنامہ میں کہا کہ مختلف پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان کی ہندوستانی شہریت کو منسوخ کردیا جائے ۔ ان کے رکن اسمبلی عہدہ کو بھی پیش نظر رکھا گیا تھا ۔