شہری علاقوں کی ترقی پرماہانہ 148 اور دیہی علاقوں کیلئے 339 کروڑ کا خرچ

,

   

موسمی امراض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر ، چیف منسٹر کے سی آر کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے یکساں اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کورونا کیسوں میں کمی کے بعد پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی کے ایک اور مرحلہ کا آغاز کرکے نہ صرف ترقیاتی کاموں بلکہ موسمی امراض سے بچاؤ کا ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ چیف منسٹر نے 19 جون کے بعد سے ریاست کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے موسم برسات کے پیش نظر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا کیسوں میں کمی ہوئی ہے اور پازیٹیو ریٹ گھٹ کر 4.7 فیصد ہوچکا ہے ۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شجرکاری کے کام پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ریاست میں سرسبزی و شادابی میں اضافہ ہو۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں کی ترقی میں مدد کیلئے حکومت نے پنچایت راج اور میونسپلٹی قوانین میں ضروری ترمیمات کی ہے۔ گاؤں اور میونسپلٹیز کو ہر ممکن مدد دی جارہی ہے اور تمام مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ماہ مواضعات کیلئے 339 کروڑ اور میونسپلٹیز کی ترقی کیلئے 148کروڑ جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی سے متعلق پروگراموں کے حوصلہ افزاء نتائج ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ اچانک دورہ کے موقع پر اگر کوتاہیاں پائی گئیں تو ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائیگا۔ انہوں نے صحت و صفائی کے علاوہ شجر کاری پروگرام پر توجہ کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ حکومت کی اسکیمات کے فوائد گاؤں تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقہ میں تعمیری ملبہ اور دیگر کچرے کی صفائی کی تفصیلات روزانہ عہدیداروں کے پاس موجود رہیں۔ برقی بلز کی وصولی اور گرام پنچایت ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ ویجیٹرین و نان ویجیٹرین مارکٹس کی تعمیر کو ترجیحات میں شامل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موسم برسات کے آغاز کے پیش نظر محکمہ صحت اور دیگر عہدیداروں کو چوکس ہونا پڑیگا۔ انہوں نے ایڈیشنل کلکٹرس کے رول کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ حکومت ایڈیشنل کلکٹرس کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریگی۔ مانسون کے دوران ملیریا، ڈینگو جبکہ سردیوں میں سوائن فلو اور ڈائیریا جیسی بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔ کورونا کے پس منظر میں موسمی امراض پر قابو پانا ضروری ہوگا۔ انہوں نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ مواضعات اور میونسپلٹیز کی سطح پر انجام دیئے گئے کاموں کی تفصیلات اکٹھا کریں۔