ریاست کی ترقی اور فلاح و بہبود کو خصوصی اہمیت ۔ سرمایہ داروںکو راغب کرنے میں کامیابی ۔ مہیشورم میں مالابار مینوفیکچرنگ یونٹ کے افتتاح کے بعد خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہر حیدرآباد کو ملک کے تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔ ضلع رنگا ریڈی کو مہیشورم انڈسٹریل پارک میں آج مالا بار جیمس اینڈ جیویلری مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت ریاست کی ترقی اور فلاح و بہبود کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے کام کر رہی ہے۔ سرمایہ داروں کو راغب کرنے میں بڑے پیمانہ پر کامیاب ہورہی ہے۔ سرمایہ دار ملک کے تمام شہروں میں سرمایہ کاری کیلئے حیدرآباد کو ترغیب دے رہے ہیں۔ تلنگانہ میں انسانی وسائل کی بھرمار ہے اور ہنرمند نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں ہے جس سے حکومت بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک طرف صنعتوں کے قیام کو ترجیح دے رہی ہے تو دوسری بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہی ہے۔ ماضی میں قطب شاہی حکمرانوں نے حیدرآباد کی تعمیر کی تھی، نظام نوابوں نے دونوں جڑواں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کو تعمیر کیا تھا۔ اس کے بعد چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے سائبر سٹی کا قیام عمل میں لایا تھا۔ اب موجودہ کانگریس کی حکومت فیوچر سٹی کے نام سے چوتھا شہر تعمیر کر رہی ہے۔ مستقبل کے 100 سال کو مد نظر رکھتے ہوئے دنیا سے مقابلہ آرائی کیلئے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن ڈاکیومنٹ تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ مہیشورم اسمبلی حلقہ میں ایک اہم شہر کی تعمیر کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ شہر حیدرآباد کی ترقی کیلئے سنگاپور کے ساتھ دیگر بیرونی ممالک کے کنسلٹینسی اداروں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ سارے ہندوستان میں آئی ٹی اور فارما شعبوں میں حیدرآباد سرفہرست ہے ۔ اب گولڈ کے معاملہ میں بھی حیدرآباد لیجنڈ بننے جارہا ہے۔ شہر کی ترقی کیلئے کانگریس حکومت خصوصی منصوبہ کے تحت کام کر رہی ہے۔ ریاست میں حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود صنعتی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے سرمایہ کاروں کو حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی۔ حکومت کی جانب سے سرمایہ داروں کو مکمل تعاون و اشتراک کرنے کا یقین دلایا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ صحیح وقت پر صحیح جگہ پر کمپنیوں کا قیام ترقی کی علامت ہے۔ موجودہ شہروں حیدرآباد ، سکندرآباد ، سائبر آباد سے ہٹ کر فیوچر سٹی کو ترقی دی جارہی ہے ۔ ملک میں شہر حیدرآباد ممبئی، کولکتہ ، دہلی ، چینائی سے زیادہ تیز رفتار ترقی کرنے والے شہروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ نیویارک ، ترکی ، سنگا پور، نارتھ کوریا جیسے شہروں کا جائزہ لینے کے بعد فیوچر سٹی میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے وعدہ کے مطابق ریاست کو ترقی دی جارہی ہے اور عوام کے فلاح و بہبود کیلئے کئی نئی اسکیمات متعارف کی گئی ہیں۔ ریاست کی شرح ترقی کو بلند کیا جارہا ہے اور بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی تشکیل کے بعد تاحال 60 ہزار سے زائد سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ وہیں دوسری جانب خانگی شعبوں میں اس کی تعداد لاکھوں میں ہیں۔ 6 ضمانتوں اور دیگر وعدوں پر عمل آوری کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کا مالی موقف کمزور ہونے کے باوجود فینانشیل ڈسپلن مینجمنٹ کے ذریعہ ترقیاتی کاموں کو اہمیت دی جارہی ہے ۔ حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کے خلاف جھوٹے بے بنیاد الزاماع دائد کئے جارہے ہیں۔ حکومت اس کی پرواہ کئے بغیر اپنے نشانہ کو پورا کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ وہ سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ تلنگانہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون پیش کیا جائیگا۔ 2