شہر حیدرآباد میں موسلادھار بارش ، ٹریفک جام

,

   

سڑکیں زیرآب ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ، آئندہ تین دنوں تک بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد اور مضافاتی علاقو ںمیں شام سے شروع ہونے والی بارش کے سبب درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور شام سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ مغرب کے ساتھ ہی شدید بارش سے سڑکیں زیر آب ہوگئی ، جگہ جگہ ٹریفک جام دیکھی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں 9 اکٹوبر سے تین یوم تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی تھی اور بارش کے آغاز کے بعد محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ ایک ہفتہ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ گذشتہ ماہ کے دوران بھی مسلسل بارش کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور شہر کے نواحی علاقوں میں اب بھی بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں لیکن جمعہ کی شب شروع ہوئی بارش کے سبب موسم میں خنکی پیدا ہوچکی ہے۔ شہر حیدرآباد کے نواحی و مضافاتی علاقوں کے علاوہ ہائی ٹیک سٹی ‘شیخ پیٹ‘ حکیم پیٹ ‘ مادھا پور‘ گچی باؤلی ‘ لنگم پلی میں سہ پہر سے ہی بارش کا سلسلہ جاری تھا لیکن شام 6بجے کے بعد شہر کے مرکزی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ شہر کے بیشتر تمام مقامات پر مسلسل تیز موسلادھار بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ بارش کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے ایمرجنسی خدمات کیلئے عملہ کو متحرک ہونے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ای وی ڈی ایم کی نگرانی میں عملہ کو نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور تالابوں کی سطح پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔پرانے شہر کے علاقوں کالا پتھر ‘ تاڑبن‘ بہادر پورہ‘ شکر گنج‘ قاضی پورہ ‘ فلک نما‘ جہاں نما‘ انجن باؤلی ‘ چندرائن گٹہ‘ نرخی پھول باغ ‘ حافظ بابا نگر کے علاوہ دیگر علاقوں میںبارش کے پانی کے تیز بہاؤ اور ڈرینیج ابل پڑنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ لاڈ بازار‘ محبوب چوک‘ بھوانی نگر ‘ تالاب کٹہ ‘ امان نگر‘ ملک پیٹ ‘ چھاؤنی غلام مرتضی ‘ بیگم بازار‘ املی بن کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور نئے شہر کے علاقوں سوماجی گوڑہ ‘ خیریت آباد‘ امیر پیٹ ‘ بوئن پلی‘ بالا نگر کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں بھی موسلا دھار بارش کے سبب کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوچکا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی کہ اگربارش سے متعلق کوئی شکایات درج کروانی ہے تو عوام راست 100 نمبر یا جی ایچ ایم سی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ قائم کریں تاکہ فوری طور پر ان کی مدد کو یقینی بنایا جاسکے ۔ شہر حیدرآباد میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ مسلسل بارش کے دوران شہر میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے باعث ٹھنڈک محسوس کی جانے لگی ہے۔

شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک عملہ گاڑیوں کو کنٹرول کرنے میں بے بس
حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں جمعہ کی شام ہوئی اچانک اور تیز بارش کے نتیجہ میں ٹریفک بری طرح متاثر ہوگئی۔ کئی گھنٹوں تک گاڑیاں سڑکوں پر رکی رہیں اور ٹریفک عملہ بھی بے بس دکھائی دیا۔ ٹریفک کا بہاؤ سب میں زیادہ نلونڈہ چوراہا چادرگھاٹ تا کوٹھی تک متاثر رہا جب کہ امیرپیٹ، پنجہ گٹہ، بنجارہ ہلز، خیر ت آباد، سکندرآباداور اوپل میں بھی ٹریفک متاثر رہی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے شہر کی ٹریفک کا حال دیکھ کر خود ٹریفک عملہ کے کام کی نگرانی کے لئے خیر ت آباد چوراہا پہنچ گئے۔ پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے نتیجہ میں کئی گاڑیاں فیل ہوگئیں اور ٹریفک عملہ نے پانی کی فوری طور پر نکاسی کے لئے مین ہولس کے ڈھکنوں کو ہٹادیا۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹویٹر اور ٹی وی کی ذریعہ عوام کو مسلسل آگاہ کیا جا رہا تھا تاکہ وہ بارش میں سڑکوں پر نا نکلے۔