فلائی اوورس تعمیرات والے علاقوں میں سڑکوں کو زیادہ نقصانات ، جی ایچ ایم سی فوری توجہ دیں
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کے علاوہ نامپلی ، حمایت نگر اور دیگر علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لیے سڑکوں کو کھود کر ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے جو موسم برسات میں مقامی عوام کے لیے بجائے رحمت کے زحمت میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی اور واٹر ورکس کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کی جانب سے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لیے سڑکوں کو کھودا گیا ہے ۔ تاہم ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت پر تکمیل نہیں کیا گیا ہے ۔ بارش سے شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے سڑکیں ناکارہ ہورہی ہیں اور ادھورے کاموں کی وجہ سے عوام کو کئی دشواریوں سے گذرنا پڑرہا ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کام ضروری ہے ۔ مگر موسم برسات سے کم از کم تین تا چار ماہ قبل خصوصی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے ان کاموں کو تکمیل کرنا چاہئے تب ہی عوام کو راحت مل سکتی ہے ۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے سڑکوں کی کھدوائی لازمی ہے ۔ مگر ان کاموں کو برسات سے قبل مکمل کرلینا چاہئے ۔ شہر کے کئی مقامات پر فلائی اوورس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے فلائی اوورس کی تعمیرات قابل ستائش اقدام ہے تاہم ان کاموں کو بھی مقررہ وقت سے قبل تکمیل نہیں کیا جارہا ہے ۔ جن مقامات پر فلائی اوورس تعمیر کئے جارہے ہیں ان علاقوں میں موسم بارش کے دوران سڑکوں کی حالت خستہ ہوگئی ہے ۔ جس کی مثال زو پارک سے آرام گھر تک تعمیر ہونے والے فلائی اوور ہے ۔ جہاں سڑکیں پوری طرح ناکارہ ہوگئی ہیں ۔ مقامی عوام کو بالخصوص گاڑیاں چلانے والوں کو بہت مشکلات سے گذرنا پڑرہا ہے ۔ ناکارہ سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے سڑکوں کی نگہداشت و نگرانی خانگی ایجنسیوں کو دی گئی ہے ۔ مگر ان ایجنسیوں کی جانب سے عاجلانہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس جانب فوری توجہ دیں اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ضروری اقدامات کریں۔۔ 2