شہر حیدرآباد کی سڑکیں موت کا کنواں

   

ٹریفک حادثات میں بے تحاشہ اضافہ، پولیس کی لاپرواہی اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ
حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جہاں قتل کی وارداتیں عام ہوتی جارہی ہیں وہیں آئے دن شہر کی سڑکیں عوام کے لئے خطرناک ثابت ہورہی ہیں جس کی وجہ سے ایک ہی دن میں کئی بھیانک سڑک حادثات پیش آرہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے کہ شہر میں بے ڈھنگی اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے لیکن ٹریفک پولیس عملہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی تصویرکشی میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔ اسی طرح کے واقعات منگل کے روز پیش آئے جس میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ پہلا واقعہ علاقہ لالہ گوڑہ (سکندرآباد) میں اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار آئیل ٹینکر نے دو افراد کو روند دیا۔ تفصیلات کے بموجب 44 سالہ نوین اور 32 سالہ ناگراجو جن کا تعلق ورنگل سے بتایا گیا جو مزدور پیشہ ہیں، علاقہ ریلوے ڈگری کالج تارناکہ سے موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ تیز رفتار آئیل ٹینکر نے اُنھیں ٹکر دے دی۔ اِس حادثہ میں نوین برسر موقع ہلاک ہوگیا اور ناگراجو دواخانہ منتقلی کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ اِس حادثہ کے بعد لالہ گوڑہ علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور کچھ دیر کے لئے ٹریفک میں خلل پیدا ہوگیا۔ اس مہلک زخمی حادثہ کے اندرون چند گھنٹے شہر کے قلب نیکلس روڈ پر ایک ایسا سڑک حادثہ پیش آیا جس میں دو نوجوان برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ خیریت آباد کے علاقہ چنتل بستی سے تعلق رکھنے والا نکھل اپنے دوست پرشانت کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بائیک ریسنگ کرتے ہوئے نیکلس روڈ سے جارہا تھا کہ تیز رفتاری سے ڈیوائیڈر سے جاٹکرایا۔ اِس حادثہ میں نکھل برسر موقع ہلاک ہوگیا اور پرشانت دواخانہ منتقل کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ رام گوپال پیٹ پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ تیسرا سڑک حادثہ شہر کے علاقہ یوسف گوڑہ میں اُس وقت پیش آیا جب 21 سالہ محمد حفیظ کو آر ٹی سی بس نے ٹکر دے دی۔ جوبلی ہلز پولیس کے بموجب محمد حفیظ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ پلسر موٹر سائیکل پر کرشنا کانت پارک سے جارہا تھا کہ تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اُسے ٹکر دے دی۔ اِس حادثہ میں محمد حفیظ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس جوبلی ہلز نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔