بھارت جوڑو یاترا میں شامل یاتریوں کا حیدرآباد آمد سے قبل ریمارک
حیدرآباد۔31۔اکٹوبر(سیاست نیوز) راہول گاندھی کی یاترا کو حیدرآباد میں زبردست عوامی تائید ملنے کی امید ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ شمس آباد سے حیدرآباد میں راہول گاندھی کی ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کے داخل ہونے پر پرتباک خیر مقدم کیا جائیگا ۔ راہول گاندھی کے ساتھ کشمیر سے کنیا کمہاری تک ساتھ چلنے والے 300 سے زائد یاتریوں میں حیدرآباد میں داخلہ پر جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ راہول گاندھی کے ساتھ یاترامیں چلنے والوں میں کنہیا کمار‘ یوگیندر یادو‘ مہیندر سنگھ ووہرا‘ زیبا انصاری کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیات شامل ہیں۔ شاد نگر کے قریب یاترا کے وقفہ میں یاتریوں نے حیدرآباد میں تاریخی چارمینار کے دامن میں یاترا پہنچنے کے اوقات دریافت کرتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر کو یاترا جب شہر میں داخل ہوگی تو چارمینار کب پہنچے گی۔ یاترا میں شامل یاتریوں کا کہناہے کہ انہیں یقین ہے کہ محبت کے شہر حیدرآباد میں ’ بھارت جوڑو یاترا‘ کو عوام کی زبردست محبت حاصل ہوگی اور یہاں سے محبت کا پیغام ہندوستان بھر میں پہنچے گا۔ راجیو گاندھی نے چارمینار کے دامن سے ’سدبھاؤنا یاترا‘ کا آغاز کیا تھا اور اب اسی مقام پر راہول گاندھی کی بھارت جوڑویاترا پہنچ رہی ہے۔ یاتریوں کا کہناہے کہ یاتراکے آغاز کے بعد سے ہی حیدرآباد میں یاترا کے سلسلہ میں تجسس ہے جنوبی ہند کے سرکردہ شہروں میں شامل شہر حیدرآباد میں ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ کو حمایت سے اندازہ لگایا جائے گا کہ شہری علاقوں میں نفرت کے ماحول کے خاتمہ کیلئے عوام کس قدر آمادہ ہیں۔ راہول کی یاترا شمس آباد پہنچ چکی ہے اور 1نومبر کو شہر میں داخل ہور ہی ہے۔ یاتراکے شہر میں داخلہ اور چارمینار کے دامن سے ہندوستان کو خطاب کی توقع لئے ملک کے سرکردہ میڈیا نمائندے بھی شہر پہنچ چکے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ راہول گاندھی بہادر پورہ‘ پرانا پل‘ حسینی علم ‘ محبوب چوک‘ لاڈ بازار سے پیدل چارمینار پہنچیں گے اور چارمینار کے دامن میں پرچم کشائی کے بعد عوام سے نفرت کے خاتمہ اور محبت کے فروغ کی اپیل کرتے ہوئے دوبارہ یا تراکا آغاز کردیں گے اور آئندہ دو یوم یاترا حیدرآباد میں رہے گی ۔م