حیدرآباد 25 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سرد ترین راتوں کے بعد حیدرآباد میں درجہ حرارت بتدریج معمول پر آ رہا ہے تاہم یہ راحت عارضی ہوسکتی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ 29 ڈسمبر تک ریاست میں درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج کی جاسکتی ہے ۔ ہفتے کو شہر کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 15 ڈگری سلسئیس سے زیادہ ہی رہا ۔ ہفتہ کی صبح اولین ساعتوں میں اقل ترین درجہ حرارت 15.3 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ راجندر نگر علاقہ میں اقل ترین درجہ حرارت 12.6 ڈگری درج کیا گیا تھا ۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد کے بموجب شہر میں بیشتر علاقوں میں رات کا درجہ حرارت 11 تا 15 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ چہارشنبہ کو صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ایک دن کیلئے زرد وارننگ جاری کی تھی ۔ یہ وارننگ حیدرآباد اور کچھ دوسرے اضلاع کیلئے تھی ۔ صبح کے وقت میں دھند اور کہر بھی دکھائی دے رہی ہے ۔