سڑکوں پر کچرا پھینکنے والے تاجرین پر جرمانوں کی ہدایت
حیدرآباد۔10 اپریل(سیاست نیوز) شہر کے بازاروں اور محلہ جات سے کچرے کی نکاسی کے اقدامات کو بہتر بنانے کے علاوہ تاجرین کی جانب سے سڑکوں پر کچرا پھینکنے پر کنٹرول کی ضرورت ہے ۔جی ایچ ایم سی کی خصوصی صفائی مہم کے ساتھ شہر میں شعور بیداری مہم بھی چلائی جا رہی ہے اور شہریوں بالخصوص ٹھیلہ بنڈی رانوں کو مشورہ دیاجارہا ہے کہ وہ کچرا سڑک پر نہ ڈالیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر لوکیش کمار نے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بازاروں میں صفائی کو یقینی بنانے صبح کی اولین ساعتوں میں صفائی کو یقینی بنائیں اور جن دکانداروں کی جانب سے سڑکوں پر کچرا پھینکا جا رہاہے ان کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف جرمانے عائد کئے جائیں کیونکہ دکانداروں کو سڑکوں پر کچہرا پھینکنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی جاتی رہی ہے۔تاجرین کو اس بات کا پابند بنانے اقدامات کئے جا چکے ہیں لیکن بازار میں اژدہام کے نام پر تاجرین کی ان حرکات کے خلاف کاروائی ناگزیر ہے۔بتایاجاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی نے تمام زونل کمشنران کو ہدایت جاری کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور مساجد کے قریب روشنیوں اور صفائی کے علاوہ بازاروں میں کچرے کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔ رہائشی علاقوں سے روزانہ کچرے کی نکاسی کے علاوہ تجارتی بازاروں سے 24 گھنٹے میں دو مرتبہ کچرے کی نکاسی کی ہدایات دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ شہر میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کے ساتھ شہریوں کو پاک و صاف ماحول کا عادی بنایا جائے۔