چہارشنبہ کی شام ہلکی بارش سے عوام کو راحت
حیدرآباد۔5۔اپریل(سیاست نیوز) حیدرآبادو سکندرآباد میں گرمی کی شدت سے پریشان شہریوں کے لئے خوشخبری ہے کیونکہ آئندہ تین یوم کے دوران شہر میں غیر موسمی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی جارہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش کے علاوہ ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ اسی دوران چہارشنبہ کی شام کو تیز ہواؤں کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا اور شام کے وقت ہلکی بارش سے عوام کو گرمی کی شدت سے راحت ملی۔ ماہرین موسمیات کے مطابق 7اور8 اپریل کو دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں بھی بارش کے امکانات میں اضافہ ہوچکا ہے اور گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ میں آئندہ ایک ہفتہ کے لئے راحت کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ 7اور8 اپریل کو ہونے والی بارش کے بعد ایک ہفتہ تک درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور اس دوران شہر میں درجہ حرارت 36ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہوگا ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے غیر موسمی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے لیکن خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران دونوں شہرو ںمیں موسلادھار بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے دن ہونے والی بارش جاریہ ماہ کے دوران پہلی موسلادھار غیر موسمی بارش کے طور پر ریکارڈ کی جائے گی۔گذشتہ ماہ کے اواخر میں بھی شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں غیر موسمی بارش کے سبب فصلوں کو نقصان پہنچا تھا اور مویشیوں کی اموات واقع ہوئی تھی ۔م