حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : وزیر سیاحت سرینواس گوڑ نے کہا کہ محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام سالانہ انٹرنیشنل کائیٹ اینڈ سویٹ فیسٹیول 13 تا 15 جنوری پریڈ گراونڈ ، سکندرآباد منعقد ہوگا ۔ یہاں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر سیاحت نے عہدیداروں سے اس ایونٹ کے لیے انتظامات کرنے کے لیے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کو 2020 میں کچھ اس انداز سے منایا جائے گا جس سے حیدرآباد کے برانڈ امیج میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ تمام محکمہ جات کے کوارڈنیشن کے ساتھ اس سال اس ایونٹ میں شرکت کرنے والے وزیٹرس کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر موصوف نے عہدیداروں سے کہا کہ مختلف ممالک کے کائیٹ کلبس کو اس ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے مدعو کیا جائے ۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک کے مندوبین کو اس ایونٹ میں مدعو کیا جائے گا اور مختلف ممالک کی مٹھائیوں کو اس میں رکھا جائے گا ۔ ملک کی مختلف ریاستوں کی مٹھائیوں کا بھی اس میں ڈسپلے کیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں ٹورازم کمشنر منوہر اور دوسروں نے شرکت کی ۔۔