اضلاع میں ہلکی تااوسط بارش کا امکان
حیدرآباد۔20۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں مسلسل 2ہفتوں کی بارش اور ابر آلود مطلع کے بعد اب آسمان پر سورج نمودار ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 21 اگسٹ سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں سورج نمودار ہوگا اس طرح دو ہفتوں بعد کھلی دھوپ نظر آنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں دن کے اوقات میں مطلع معمول کے مطابق ہونے لگ جائے گا لیکن مانسون کا اثر بھی دیکھا جا سکتاہے۔محکمہ موسمیات کے علاوہ خانگی ماہرین موسمیات نے بتایا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع کے منجملہ چند اضلاع میں زرد الرٹ برقرار رہے گا اور آئندہ تین یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ دو ہفتوں کی بارشوں کے دوران موسم میں پیدا ہونے والی خنکی کے نتیجہ میں تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں سرد موسم ریکارڈ کیا جاتا رہے گا۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں 22 اگسٹ تک موسم سرد ریکارڈ کیاجائے گا۔خانگی ماہرین موسمیات نے جو موسم کی پیش قیاسی بالخصوص بارشوں کے سلسلہ میں بروقت مطلع کررہے ہیں ان کا کہناہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاقوں میں موسم خوشگوار رہے گا اور سورج نمودار ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال کا اثرریاست کے بعض اضلاع میں دیکھا جاتا رہے گا لیکن شدید یا موسلادھار بارشوں کا امکا ن نہیں ہے جبکہ شہر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جارہا ہے اور کہا جار ہاہے کہ بعض علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشیں ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔3