شہر میں آج ہنومان جینتی مرکزی جلوس ، ٹریفک تحدیدات لاگو

,

   

حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں جمعہ 19 اپریل کو ہنومان جینتی مرکزی جلوس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے تین زونس میں ٹریفک تحدیدات عائد کی ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے آج کہا کہ ایسٹ زون علاقہ میں افضل گنج، سالار جنگ بریج، شنکر شیر ہوٹل، مختار گنج سے پتلی باؤلی چوراہے کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ گولی گوڑہ چمن سے بی ایس این ایل آفس کی سمت کردیا جائے گا۔کمشنر پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوس کے موقع پر عائد ٹریفک تحدیدات کی تعمیل کرتے ہوئے پولیس اور دیگر حکام سے تعاون کریں۔ آندھرا بینک، رنگ محل سے گولی گوڑہ چمن کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ پتلی باؤلی چوراہا رنگ محل موڑ دیاجائیگا۔ گولی گوڑہ رام مندر سے صبح 10:30 بجے جلوس کے آغاز پر چادرگھاٹ چوراہے سے پتلی باؤلی چوراہے کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ رنگ محل وائی جنکشن سنٹرل بس اسٹیشن کی سمت ہوگا۔ جلوس جس کا اختتام رات 8:00 بجے مقرر ہے ، آندھرا بینک جنکشن کوٹھی پہونچنے پر چادرگھاٹ چوراہے سے آندھرا بینک کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ ڈسٹرکٹ میڈیکل ہیلتھ آفس جنکشن سے سلطان بازار چوراہے کی سمت کردیا جائے گا۔ جبکہ جلوس کاچی گوڑہ چوراہے پر پہونچنے کے بعد ٹریفک کا رُخ کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن سے بڑی چاؤڑی کی سمت کردیا جائے گا۔ اِسی طرح برکت پورہ چمن سے وائی ایم سی اے سرکل کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ قدیم پوسٹ آفس کراؤن کیفے کی طرف ہوگا۔ سنٹرل زون میں بھی اعظم آباد سے کراؤن کیفے کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ وی ایس ٹی چوراہے کی سمت کردیا جائے گا۔ جبکہ مشیرآباد چوراہے سے رام نگر ٹی جنکشن آنے والی ٹریفک کا رُخ میٹرو کیفے کی طرف ہوگا۔ حمایت نگر وائی جنکشن سے نارائن گوڑہ چوراہے کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ ایچ پی پٹرول پمپ نارائن گوڑہ فلائی اوور کی سمت کردیا جائے گا۔ کنگ کوٹھی اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس کی ٹریفک کا رُخ وائی ایم سی اے سرکل سے ایڈن گارڈن فنکشن ہال کی سمت کردیا جائے گا۔ کنگ کوٹھی سے آنے والی ٹریفک کا رُخ بگل کنٹہ چوراہا عابڈس روڈ کی سمت کردیا جائے گا۔ تلگو تلّی فلائی اوور مکمل طور پر اُس وقت بند کردیا جائے گا جب جلوس سدھا ہوٹل چکڑپلی پہونچے گا۔ اسی قسم کی ٹریفک تحدیدات نارتھ زون علاقہ میں بھی رہیں گی جس میں آر پی روڈ سکندرآباد، سی ٹی او جنکشن، باپوجی نگر اور دیگر علاقوں میں ٹریفک تحدیدات نافذ رہیں گی۔