شہر میں اچانک تیز بارش ۔ شدید گرمی سے قدرے راحت

   

سکندرآباد میں 74.8 ملی میٹر بارش۔ تین دن کیلئے زرد الرٹ جاری
حیدرآباد 15 اگسٹ ( سیاست نیوز ) دو تا چار دن کی شدید گرمی اور رطوبت کے بعد آج شام حیدرآباد کے شہریوں کو قدرے راحت نصیب ہوئی جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی ۔ گذشتہ دو تا چار دن سے شہر میں شدید گرمی محسوس کی جا رہی تھی ۔ رطوبت کی وجہ سے شدت زیادہ محسوس ہو رہی تھی ۔ آج بھی دن میں دھوپ قدرے تیز رہی ۔ تاہم شام کے بعد سے شہر میں موسم تبدیل ہوا اور تیز ہواوں و گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ۔ نصف گھنٹے سے زیادہ ہوئی بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی ۔ شدید بارش کی وجہ سے شہر کے مختلف مقامات پر ٹریفک میں خلل دیکھا گیا ۔ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ دلسکھ نگر ‘ ایل بی نگر ‘ سعید آباد ‘ بندلہ گوڑہ ‘ ونستھلی پورم ‘ راجندر نگر ‘ گولکنڈہ ‘ ٹولی چوکی ‘ کاروان ‘ مہدی پٹنم ‘ چارمینار ‘ آرام گھر ‘ عطا پور ‘ عابڈز اور پرانے شہر کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی ۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے بموجب رات 8بجے تک سکندرآباد میں 74.88 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ مشیر آباد میں 73 ملی میٹر ‘ رامچندرا پورم میں 68.5 ملی میٹر اور کوکٹ پلی میں 64.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے دوسرے علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی ۔ سنگا ریڈی میں 93.5 ملی میٹر اور ناگرکرنول میں 87 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے زرد الرٹ جاری کرکے کہا گیا کہ آئندہ تین دنوں میں ریاست میں ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ آئندہ ہفتے تک تاہم رطوبت برقرار رہ سکتی ہے ۔