افضل ساگر علاقہ میں 2 مشیر آباد اور گچی باؤلی میں ایک ایک نوجوان کی موت ۔ عبداللہ پور میٹ میں 12 سنٹی میٹر بارش
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) اتوار کی شب شہر حیدرآباد میں ہوئی شدید بارش کے نتیجہ میں 4 افراد غرقاب ہوگئے جبکہ اہم سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ 2 گھنٹے کی شدید بارش کے نتیجہ میں عبداللہ پورمٹ علاقہ میں 12 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شیخ پیٹ میں 8 سنٹی میٹر اور ملکاجگری میں 5.53 سنٹی میٹر، نریڈمیٹ میں 5 اور بنڈلہ گوڑہ میں 4.75 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اچانک بارش کے نتیجہ میں شہر کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک میں درہم برہم ہوگئی۔ اتوار کی بارش میں حبیب نگر کے علاقہ افضل ساگر میں 2 نوجوان ارجن اور رام غرقاب ہوگئے۔ جبکہ مشیر آباد کے ونود نگرعلاقہ میں دنیش نامی نوجوان پانی میں غرقاب ہوگیا۔ شدید بارش کے نتیجہ میں گچی باؤلی وٹے ناگولا پلی علاقہ میں دیوار منہدم کے باعث 24 سالہ نوجوان سنی ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر 5 زخمی ہوگئے۔ غرقاب ہوئے نوجوانوں کی تلاش کے لئے حیڈرا کی ٹیمیں سرگرم ہوگئیں اور رات دیر گئے تک ان کی تلاش جاری تھی۔ شہر کے پاش علاقہ روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز میں کمانڈ کنٹرول کے قریب زیادہ جمع ہونے پر حیدرآباد میئر گدوال وجئے لکشمی جی ایچ ایم سی عملہ کے ہمراہ وہاں پہنچ گئیں اور حالات کا جائزہ لیا۔ حیڈرا کمشنر اے وی رنگاناتھ بھی اپنے ٹیموں کے ہمراہ شہر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جبکہ حیدرآباد ٹریفک پولیس بھی ٹریفک کو بحال کرنے اور ان کے تحفظ کے لئے شہر کے سڑکوں پر موجود تھے۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں موجود مکانات میں پانی داخل ہوگیا جس پر جی ایچ ایم سی عملہ پہنچ کر متاثرہ افراد کو وہاں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ رات دیر گئے تک بلدیہ اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار شہر میں جاری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ حیڈرا کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہر میں موجودہ بارش کی صورتحال کے پیش نظر ضرورت پر ہی گھروں سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا۔