شہر میں بارش کے باوجود گرمی کی شدت میں اضافہ

   

ریاست کے 227 منڈلوں میں معمول سے کم بارش ریکارڈ

حیدرآباد۔6۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں بارش کے ساتھ ریکارڈ کی جانے والی موسمی تبدیلیوں کے سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ گذشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے بعد دونوں شہرو ں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے حالانکہ شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے لیکن اس کے باوجود رطوبت میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیاجا رہا ہے جو کہ آئندہ دو یوم جاری رہنے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔تلنگانہ میں مسلسل بارش کے باوجود ریاست کے 227 منڈلوں میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ریاست بھر میں جاری مانسون کی بارشوں کے سلسلہ کے دوران کئی اضلاع میں مختلف منڈلوں میں ناکافی بارش اور معمول سے کم بارش ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یکم جون 2025 تا6اگسٹ 2025کے دوران ہونے والی بارش کے دوران تلنگانہ کے 8 منڈلوں میں معمول سے کافی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ 77 منڈلوں میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور اسی طرح 309 منڈلوں میں معمول کے مطابق بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات اور تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ کے 227 منڈلوں میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔جن منڈلوں میں معمول سے کافی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ان میں ضلع یدادری کے منڈل چوٹ اپل ‘ نارائن پور‘ ضلع راجنا سرسلہ کے منڈل ایلنتا کنٹہ ‘ ضلع ناگر کرنول کے منڈل ونگور‘ کے علاوہ دیگر منڈل شامل ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ میڑچل ۔ ملکا جگری اور رنگاریڈی ضلع کے کسی بھی منڈل میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ نہیں کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں ہونے والی بارشوں کے باوجود معمول کی بارشوں سے تجاوز نہیں ہوا ہے اور بعض منڈلوں میں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں لیکن جاریہ ماہ کے علاوہ آئندہ ماہ کے دوران ہونے والی بارشوں سے معمول کی بارش تک اعداد و شمار پہنچنے کا امکان ہے۔3