شہر میں بلدیہ اور پولیس کی 200 ٹیموں کی جانب سے 463 گھروں کے معائنے

,

   

۔374 میں کورونا کی مشتبہ علامات، 348 کا گھروں پر قرنطینہ، 41 سرکاری دواخانوں کو منتقل

حیدرآباد 31 مارچ (پی ٹی آئی) تلنگانہ انتظامیہ کا تخمینہ ہے کہ قومی دارالحکومت کے علاقہ نظام الدین میں اس ماہ منعقدہ مذہبی اجتماع میں ریاست کے تقریباً 1000 افراد نے شرکت کی تھی۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 13 تا 15 مارچ منعقدہ اجتماع میں شرکت کرنے والے تلنگانہ کے چھ افراد کی کورونا وائرس کے سبب اموات کے سبب ماباقی شرکاء کی تلاشی اور نشاندہی کے بعد اُن کے معائنوں کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان افراد کے رابطہ میں آنے والے افراد کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ ’ہمارا تخمینہ ہے کہ دہلی کے اجتماع میں تلنگانہ کے زائداز 1000 افراد نے شرکت کی تھی۔ ان کی نشاندہی کے لئے متعلقہ ضلع کلکٹرس اور پولیس اہلکاروں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ ان کے رابطہ میں آنے والے افراد کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔ متوفیوں کے ارکان خاندان کو ان میں ظاہر ہونے والی علامات کے مطابق قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے۔ سرکاری بیان نے اموات کا وقت بیان کئے بغیر کہاکہ ’چھ کے منجملہ دو اموات شہر کے گاندھی ہاسپٹل میں ہوئیں‘۔ دو خانگی دواخانوں میں دو اموات ہوئیں، نظام آباد اور گدوال ٹاؤنس میں ایک ایک مریض فوت ہوا۔ تلنگانہ میں پیر کی شب 77 افراد کورونا وائرس مثبت پائے گئے تھے جن کے منجملہ 14 کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔ حکومت نے اپیل کی ہے کہ دہلی کے مرکز مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے والے تمام افراد متعلقہ عہدیداروں کو مطلع کریں کیوں کہ اس اجتماع کے کئی شرکاء کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔ نظام آباد کے کلکٹر نارائن ریڈی نے کہا ہے کہ اس شہر سے تعلق رکھنے والے 53 افراد کے رشتہ دار یا ان کے رابطہ میں آنے والے 200 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ کلکٹر نارائن ریڈی نے کہاکہ ’ایک شحص ہنوز دہلی میں ہے اور ایک کی موت ہوئی ہے۔ ماباقی 51 مشتبہ افراد قرنطینہ میں ہیں۔ ضلع گدوال کے ایک سینئر افسر نے کہاکہ ایک متوفی کے بیٹے، بہو اور دو پوتروں کو بخار کی شکایت پر حیدرآباد کے گاندھی دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دہلی کے مذہبی اجتماع میں شرکت کے بعد 603 افراد شہر واپس ہوئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی، پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں پر مشتمل 200 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنھوں نے شہر کے 463 گھروں کی تلاشی لی اور کوویڈ ۔ 19 کی علامات پائے جانے پر 74 افراد کو دواخانہ منتقل کیا۔ 348 افراد کو گھروں پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ 41 افراد کو سرکاری قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے۔