ٹریفک نظام درہم برہم ، ٹریفک تحدیدات ، ٹریفک پولیس چالانات و رشوت وصولی میں مصروف
ایس ایم بلال
حیدرآباد : /9 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد میں جاری نمائش 2023 ء ، اسمبلی کا بجٹ سیشن اور فارمولہ ای ریسنگ کے نتیجہ میں قلب شہر میں گزشتہ 3 یوم سے ٹریفک بری طرح متاثر ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ کئی مقامات پر عوام اور ٹریفک پولیس کے درمیان بحث و تکرار کے واقعات دیکھے گئے ہیں ۔ معظم جارہی مارکٹ ، نامپلی ، عابڈز ، سیف آباد ، لکڑی کا پل ، خیریت آباد ، مانصاحب ٹینک ، مہدی پٹنم اور ٹولی چوکی علاقہ ٹریفک جام سے بے حد متاثر ہوئے ہیں ۔ عوام کو گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنس کر اپنا وقت گزارانا پڑرہا ہے ۔ایک طرف عوام ٹریفک کے مسائل سے پریشان ہیں جبکہ دوسری طرف ٹریفک پولیس عملہ عوام سے رشوت بٹورنے میں مصروف دکھائی دے رہی ہے ۔ جمعرات کو ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں بہادر پورہ ٹریفک پولیس اسٹیشن سے وابستہ رمیش نامی کانسٹبل کو بہادر پورہ چوراہے کے قریب ایک کیاپ ڈرائیور سے رشوت لیتا ہوا بتایا گیا ۔ اتنا ہی نہیں ایمرجنسی کیسیس منتقل کرنے والی ایمبولنس ویانس کو بھی دواخانہ پہنچنے کیلئے دشوار کن صورتحال کا سامنا ہے ۔ جس کے سبب مریض کے جان کو بھی خطرہ لاحق ہے ۔ حالانکہ ٹریفک پولیس نے مذکورہ 3 اہم سرگرمیوں کے پیش نظر ٹریفک تحدیدات تو عائد کردیئے ہیں لیکن ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے کیلئے نہ کے برابر ٹریفک عملہ کام کررہا ہے ۔ کئی مقامات پر ٹریفک سگنلس کو آٹومیٹک موڈ پر ڈال دیا گیا ہے اور مینول آپریٹنگ سسٹم کو ترجیح نہیں دی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں ٹریفک کو انتہائی دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ عوام کا یہ تاثر ہے کہ حکومت کا یہ حیرت کن اقدام ہے کہ بیک وقت قلب شہر میں نمائش ، اسمبلی سیشن اور فارمولہ ریسنگ گاڑیوں کیلئے تحدیدات عائد کئے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں ٹریفک کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوگئی ہے ۔ عوام اور سیاسی قائدین قلب شہر میں ٹریفک تحدیدات عائد کئے جانے اور اس کے پس منظر میں عوام کو دشواریاں پیش آنے کا معاملہ سوشل میڈیا کے ذریعہ اجاگر کیا جارہا ہے اس کے باوجود بھی ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ ٹریفک پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط پیدا کئے جانے پر ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی حکومت کے اس اقدام کے سامنے بے بس ہیں اور محض عوام کو پریشان ہونے کیلئے چھوڑدیا گیا ہے ۔ عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ شہر حیدرآباد کی مصروف ترین سڑکوں پر فارمولہ ریسنگ کا انعقاد کرنا انتہائی غیرمناسب فیصلہ ہے اور اس قسم کے ایونٹس کو شہر کے باہر کیا جائے ۔